منڈی بہاوالدین، (میاں شریف زاہد ) ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاوالدین ندیم بلوچ روزانہ کی بنیاد پر فیلڈ میں مسلسل متحرک، اسسٹنٹ کمشنرندیم بلوچ نے ضلع کے مختلف پیٹرول پمپس کو اچانک چیک کیا،انہوں نے چیکنگ کے دوران معیار اور مقدار کا بھی جائزہ لیا۔اسسٹنٹ کمشنر نے پٹرول پمپس کی جانب سے پیمانوں میں گڑ بڑ کرنے پر 2پٹرول پمپس کو 60 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ندیم بلوچ نے پٹرول پمپس مالکان کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ اپنے پیمانوں کو درست حالت میں رکھیں اور پیمانوں میں کوئی گڑ بڑ نہ کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ چیکنگ کے دوران پٹرول پمپس مالکان کے جانب سے پیمانوں میں گڑبڑ کرنے والوں کو بھاری جرمانے کئے جائیں گے اور انہیں جیل کی ہوا بھی کھانا پڑے گی۔ بعد ازاں اسسٹنٹ کمشنر نے ستھرا پنجاب مہم کے تحت صفائی ستھرائی کا جائزہ لینے کے حوالے سے کوٹلی افغاناں کا دورہ کر کے صفائی عملہ کو ضروری ہدایات جاری کیں۔ اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر شہروں سمیت قصبہ جات میں بھی صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر کیا جا رہا ہے۔ افسران ضلع میں انتظامی فرائض کی ادائیگی کے لئے ٹیم ورک کا مظاہرہ کریں۔