دینہ (چودھری فصیح اللہ سے )جہلم شہیدوں اور غازیوں کی سرزمین جہلم کا ایک اور بہادر سپوت پاک فوج کے جوان نے ملک دشمنوں سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کر لیا، شہید کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا، نماز جنازہ میں پاک فوج کے افسران سمیت عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔
تفصیلات کے مطابق شہیدوں اور غازیوں کی سرزمین جہلم کے علاقہ ڈھوک فردوس کا رہائشی پاک فوج کا جوان 20 سالہ محمد علی شمالی وزیرستان میں وطن کی حفاظت کے دوران فرائض منصبی ادا کرتے ہوئے مادر وطن پر قربان ہو گیا۔
شہید محمد علی کی نماز جنازہ مقامی جنازہ گاہ ڈھوک فردوس میں ادا کر دی گئی، نماز جنازہ میں پاک فوج کے افسران سمیت عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔ محمد علی شہید کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا ہے، شہید کو پاک فوج کے دستے نے سلامی پیش کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔
20سالہ محمد علی شہید ایک سال قبل پاک فوج میں بھرتی ہوا تھا۔ شہید محمد علی کے سوگورارن میں والدین سمیت ایک بڑی بہن اور ایک چھوٹا بھائی شامل ہیں، شہید کا والد ریٹائر فوجی ہیں۔