حیدرآباد( بیورو رپورٹ) ڈائریکٹر جنرل انفارمیشن سندھ معزالدین پیرزادہ نے کہا ہے کہ صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے ایک جامع اور مربوط پالیسی بنائی جا رہی ہے۔امید ہے کہ صحافیوں کو درپیش مشکلات میں نمایاں کمی واقع ہوگی۔ سندھ کے تمام پریس کلبوں کا دورہ کرنے کے ساتھ ساتھ دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کا عمل جاری ہے۔ یہ بات انہوں نے حیدرآباد پریس کلب کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، ان کے ہمراہ ڈائریکٹر انفارمیشن حیدرآباد شہزاد شیخ اور ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن سانگھڑ ظفر منگی بھی تھی۔انہوں نے واضح کیا کہ صحافیوں کو ملنے والی مراعات اور ایکریڈیشن کارڈ بنانے کے عمل میں شفافیت لائ جارہی ہے تاکہ فیلڈ میں کام کرنے والے رپورٹرز کی مشکلات کو کم کرکے مراعات میں اضافہ کیا جائے۔اس موقع پر صدر حیدرآباد پریس کلب خالد کھوکھر، سیکرٹری حمید الرحمان، جوائنٹ سیکریٹری مجاہد عزیز، خازن جے پرکاش، اراکین گورننگ باڈی جنید خانزادہ،حامد میاں شیخ، اقبال ملاح،منصور مری، ظفر ہکڑو اور دیگر صحافی بھی موجود تھے،انہوں نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا کے لیے ضابطہ اخلاق موجود ہے جو حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کر رہے ہیں ان کے خلاف کارروائی بھی ہوتی ہے کیونکہ صحافی معاشرے کی عکاسی بھی کرتا ہے، حقائق کو نظر انداز کرکے اپنے مفاد کے لیے کام کرنے والے صحافی معاشرے کے لیے نقصان دہ ہیں، انہوں نے کہا کہ میں کام کرنے پر یقین رکھتا ہوں کوشش ہوگی کہ صحافیوں کو درپیش مسائل کو ترجیحی بنیاد پر حل کرسکوں ۔