حیدرآباد،16 جون ( رپوٹ مجاھد ) ڈپٹی کمشنر حیدرآباد زین العابدین میمن کی زیر صدارت محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے آج ایک اجلاس شہباز ہال شہباز بلڈنگ حیدرآباد کے میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایس ایس پی حیدرآباد عدیل حسین چانڈیو، مختلف محکموں کے افسران، سیکیورٹی اداروں، بلدیاتی اداروں، انجمنوں کے نمائندگان اور دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے علاوہ ایچ ڈی اے، واسا، حیسکو، ایچ ایم سی، سول ہسپتال، ٹریفک مینجمنٹ، کنٹونمنٹ بورڈ، رینجرز، پولیس اور دیگر اداروں کے نمائندوں سمیت سٹی، لطیف آباد اور دیگر اسسٹنٹ کمشنرز بھی موجود تھے۔اس موقع پرڈپٹی کمشنر زین العابدین میمن نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماہ محرم الحرام شروع ہونے میں کچھ روز باقی ہیں تاہم ہمیں قبل از وقت محرم الحرام سے متعلق ضروری اقدامات کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی مرمت، صفائی، ڈرینج، اسٹریٹ لائٹس، تجاوزات سمیت بجلی کی اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کو کم سے کم کرنے اور حیسکوحکام کوبجلی کا نظام بہتربنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایات کے مطابق مون سون اور محرم الحرام دونوں کے لیے بھرپور اور مربوط اقدامات اولین ترجیح ہے اور انہوں نے مزید کہا کہ حیسکو حکام کے ساتھ گفتگو جاری ہے، جن علاقوں میں ریکوری کی شرح 80 فیصد سے کم ہے وہاں ریکوری کے مسائل حل کرواکر لوڈشیڈنگ کم کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔اجلاس میں اہل تشیع اور اہل سنت کی مختلف انجمنوں کے نمائندگان نے اپنے تحفظات اور مسائل سے ضلع انتظامیہ کو آگاہ کیا۔ انہوں نے زور دیا کہ جلوسوں کی گزرگاہوں پر ر سیوریج، صاف پانی، گٹروں کی صفائی، اسٹریٹ لائٹس اور ٹریفک مینجمنٹ کو بہتر بنایا جائے،بالخصوص قاسم آباد، ٹنڈو آغا، پکہ قلعہ، ٹنڈو ٹھوڑو، لطیف آباد اور قدم گاہ امام بارگاہ کے علاقوں میں سیوریج کے مسائل اور روڈ کی خستہ حالی کی نشاندہی کی گئی۔عشرہ محرم کے دوران نکلنے والے بڑے جلسوںجہاں تجاوزات، سڑکوں کی خستہ حالی اور سیوریج کے سنگین مسائل درپیش ہیں۔ شرکاءنے زور دیا کہ ان علاقوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پرحل کیا جائے۔اس موقع پراہل سنت والجماعت کے نمائندے نے تجویز دی کہ محرم الحرام کے دوران سائبر کرائم کے تحت سوشل میڈیا پر اشتعال انگیز مواد کے سدباب کے لیے اقدامات کی بھی سفارش کی۔اجلاس میںایس ایس پی حیدرآباد عدیل حسین چانڈیو نے کہاکے محرم الحرام کے دوران ہمیشہ کی طرح رواں سال بھی سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں گے جبکہ تمام اسٹیک ہولڈرز سے باہمی رابطے میں رہتے ہیں- انہوں کہاں جہاں تک سوشل میڈیا کی اشتعال انگیزی کی بات ہے تو اگر کوئی شخص کسی دیگر صوبے سے بیٹھ کر کوئی غلط بیانی یا پوسٹ کرتاہے تو حیدرآباد کے شہری اس پر کان نہ دھریں ہم چاہتے ہے کے امن امان کی صورتحال بہتر رہے۔ ڈپٹی کمشنر حیدرآباد زین العابدین میمن نے اجلاس کے اختتام پر تمام اداروں اور انجمنوں کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے مسائل پر بروقت ایکشن لیا جائے گا اور جلوسوں، مجالس اور عوامی مقامات پر امن و امان، صفائی، روشنی اور پانی کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد ہمیشہ امن، محبت اور بھائی چارے کا گہوارہ رہا ہے اور اس روایت کو برقرار رکھا جائے گا۔آج ہونے والے سیلنڈر دھماکے کی وجہ سے ایک بچے کے ہلاکت پرگہرے افسوس کا اظہارکرتے ہوئے مرحوم کے درجات بلندی کے لیے بھی دعاکی گئی-