ننکانہ صاحب ( بیورورپورٹ) آر پی او شیخوپورہ اطہر اسماعیل کا ضلع ننکانہ صاحب کا دورہ، ڈی پی او سید ندیم عباس کے ہمراہ تھانہ واربرٹن اور آفیسرز کلب ننکانہ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ شہریوں کی درخواستیں اور شکایات سن کر موقع پر ہی فوری حل کے احکامات جاری کیے تفصیلات کے مطابق آر پی او نے تھانہ سٹی ننکانہ اور تھانہ واربرٹن کا وزٹ کیا، تھانوں کے ریکارڈ رجسٹرز چیک کیے اور اپنے تاثرات بھی قلمبند کیے۔ آر پی او نے تھانہ صدر میں پولیس ویلفیئر کے لیے ڈی پی او ننکانہ کے ہمراہ عمر ہسپتال ننکانہ اور سٹار سکول کے فوکل پرسنز کیساتھ معاہدے بھی دستخط کیے۔ فوکل پرسنز میں ڈاکٹر ساجد اور پرنسپل سکول عمران اسلام شامل تھے۔ آر پی او نے اپنے دورے کے دوران ڈسٹرکٹ بار ننکانہ کے عہدیداران سے میٹنگ کی۔ میٹنگ میں ممبر پنجاب بار کونسل چوہدری انور زاہد، صدر بار رائے عابد، جنرل سیکرٹری رائے شجر عباس، نائب صدر مرزا نواز بیگ و دیگر بھی ہمراہ تھے۔ وکلاءکی جانب سے آر پی او کو ننکانہ آمد پر پھول پیش کیے گئے۔ میٹنگ میں پولیس اور وکلاءکے درمیان مشترکہ تعاون کو یقینی بنانے پر اظہار خیال کیا گیا۔ آر پی او نے اپنے دورے کے صحافی برادری اور تاجر برادری سے بھی ملاقاتیں کیں اور پولیس کی طرف سے ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ دوران وزٹ آر پی او کا کہنا تھا کہ کھلی کچہری کا مقصد شہریوں کو انصاف کی منصفانہ فراہمی یقینی بنانا ہے۔ وزیر اعلی پنجاب کے ویژن کے مطابق کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پولیس کے نظام میں تبدیلی لانے کے لیے موجودہ دور کے مطابق ٹیکنالوجی کا استعمال بروئے کار لایا جا رہا ہے۔ میں خود اور میری رینج میں تینوں اضلاع کے ڈی پی اوز 24 گھنٹے شہریوں کے جان و مال کی حفاظت اور ریلیف فراہم کرنے کے لیے مصروف عمل ہیں۔ کمپلین مینجمنٹ سسٹم سے تمام درخواستوں اور مقدمات کی تفصیلات موصول ہو جاتی ہیں۔ وزیر اعلی پنجاب محترمہ مریم نواز کے ویڑن کے مطابق انصاف کی فراہمی کا عمل ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنایا جا رہا ہے۔ دوران وزٹ ایس پی انویسٹی گیشن حنا نیک بخت و دیگر بھی ہمراہ موجود تھے