ننکانہ صاحب ( بیوروروپورٹ) پیپلزپارٹی کے زیراہتمام شہید بے نظیر بھٹو کی 72ویں سالگرہ، خراج عقیدت اور مشن کی تکمیل کا عزم تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے زیراہتمام ننکانہ صاحب میں پاکستان کی پہلی خاتون وزیرِاعظم اور عظیم رہنما شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی 72ویں سالگرہ کے موقع پر ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا، خصوصی دعائیں کی گئیں اور شہید رہنما کی سیاسی خدمات کو زبردست الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا گیایہ تقریب پیپلزپارٹی لاہور ڈویڑن کے صدر اور سابق رکن پنجاب اسمبلی رائے شاہجہان احمد خاں بھٹی کی رہائش گاہ پر منعقد ہوئی، جس میں پارٹی کے ضلعی عہدیداران اور کارکنان کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ تقریب میں چوہدری افضل حق خاں، رانا انیس خاں، اعجاز احمد بھٹی، تنویر اختر ٹونی، کامران شاہ بخاری اور دیگر پارٹی رہنماوں نے شرکت کی مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو نے پاکستان، جمہوریت اور عوام کے حقوق کی خاطر ناقابلِ فراموش قربانیاں دیں۔ ان کا مشن ایک جمہوری، مساوات پر مبنی اور خوشحال پاکستان کی تشکیل تھا، جسے آج بھی پیپلز پارٹی مشعلِ راہ سمجھتی ہے۔رائے شاہجہان احمد خاں بھٹی نے کہا کہ یہ دن نہ صرف پاکستان میں بلکہ دنیا بھر میں عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔ شہید بی بی کی قربانیاں ہمیں یاد دلاتی ہیں کہ پاکستان کی بقائ، اتحاد اور ترقی کے لیے جدوجہد سے کبھی پیچھے نہیں ہٹنا چاہیے۔ آج کے نوجوانوں پر لازم ہے کہ وہ بی بی شہید کی تعلیمات، خطابات اور سیاسی فلسفے کو سمجھیں اور اپنائیںانہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنی قائدانہ صلاحیتوں سے ثابت کر دیا ہے کہ وہ شہید بی بی کے سچے وارث ہیں اور آئندہ پاکستان کے وزیراعظم بننے کی مکمل اہلیت رکھتے ہیں۔ انشاءاللہ ہم سب مل کر شہید بی بی کے مشن کو مکمل کریں گے اور بلاول بھٹو زرداری کو پاکستان کا قائد بنائیں گے۔