سندھ زرعی یونیورسٹی کے بی ایس فوڈ ٹیکنالوجی اور انوائرمینٹل سائنس پروگرامز کو قومی سطح پر اعلیٰ درجہ بندی حاصل
ٹنڈو جام (رپوٹ مجاھد عزیز ) سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈو جام نے اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں ایک اور سنگِ میل عبور کرلیا ہے۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن (ہیک) کے ماتحت نیشنل ایگریکلچر ایجوکیشن ایکریڈیٹیشن کونسل (این اے ای اے سی) کی حالیہ درجہ بندی میں یونیورسٹی کے دو اہم ڈگری پروگرامز،بی ایس فوڈ ٹیکنالوجی اور بی ایس انوائرمینٹل سائنس کو بالترتیب W3 اور X1 کیٹیگریز میں شامل کرلیا گیا ہے، جو تعلیمی معیار، تحقیقی سرگرمیوں اور تدریسی نظام کی اعلیٰ سطح کا اعتراف ہے۔اس شاندار کامیابی پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر الطاف علی سیال نے فوڈ ٹیکنالوجی اور انوائرمینٹل سائنس کے شعبہ جات کے چیئرپرسنز، فیکلٹی ممبران اور ریسرچ ٹیموں کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز یونیورسٹی کی تعلیمی وژن، تحقیقی ترقی، اور جدید نصاب کی عکاسی کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جدید لیبارٹریز، تجربہ کار اساتذہ اور سائنسی بنیادوں پر مشتمل تدریسی عمل ہی یونیورسٹی کی پہچان ہے۔ڈاکٹر سیال نے اس امر پر زور دیا کہ ایسی قومی سطح کی منظوری نہ صرف یونیورسٹی کے تدریسی معیار کو تسلیم کرتی ہے بلکہ طلبہ کے لیے قومی و بین الاقوامی سطح پر بہتر ملازمت اور تعلیمی مواقع بھی فراہم کرتی ہے۔این اے ای اے سیکی بیرونی ماہرین پر مشتمل ٹیم نے اپنے جائزے میں دونوں پروگرامز کی عملی تربیت، طلبہ کی معاونت اور تحقیق پر مبنی سرگرمیوں کو سراہا اور ان پروگرامز کو قومی معیار کے مطابق قرار دیا۔واضح رہے کہ سندھ زرعی یونیورسٹی نہ صرف زراعت بلکہ ماحولیاتی تحفظ، خوراک کی سائنس اور پائیدار ترقی کے حوالے سے بھی پاکستان کی نمایاں جامعات میں شامل ہوتی جا رہی ہے۔