محرم الحرام کے پُر اَمن انعقاد پر صدر چیمبر سلیم میمن کی جانب سے تمام اداروں کو خراجِ تحسین
حیدرآباد (عمران مشتاق )حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر محمد سلیم میمن نے کہا ہے کہ محرم الحرام میں یومِ عاشوراء پورے ملک میں بالعموم سندھ اور بالخصوص حیدرآباد میں مکمل اَمن و اَمان اور مذہبی رواداری کے ساتھ گزرا جس پر ہم بحیثیت قوم اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ اِس پُر اَمن ماحول کو یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ اداروں نے مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کیا جس میں پاک فوج، سندھ رینجرز، سندھ پولیس، ضلعی انتظامیہ، میونسپل کارپوریشن، واٹر اینڈسینیٹیشن کارپوریشن، حیسکو، ریسکیو 1122 محکمہ صحت، محکمہ بلدیات، ٹریفک پولیس، سول ڈیفنس، بم ڈسپوزل اسکواڈ، ATF، CTD، محکمہ اطلاعات، سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اور دیگر سیکیورٹی و سوشل سروسز ادارے اور تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے شامل ہیں۔ صدر چیمبر سلیم میمن نے خصوصی طور پر کمشنرحیدرآباد بلال احمد میمن، ڈی آئی جی حیدرآباد رینج طارق رزاق دھاریجو، ایس ایس پی حیدرآباد عدیل حسین چانڈیو، ڈپٹی کمشنر حیدرآباد زین العابدین میمن اور مئیر حیدرآباد کاشف شوروکی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اُن کی انتھک محنت، مؤثر حکمت عملی اور بروقت فیصلوں کی بدولت عاشوراء کا مرکزی جلوس بلا تعطل مکمل ہوا اور شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ صدر چیمبرسلیم میمن نے کہا کہ اِس سال جدید سیکیورٹی اِقدامات جیسے CCTV نگرانی، واک تھرو گیٹس، ATF کمانڈوز کی تعیناتی، بم ڈسپوزل اسکواڈ کی چوکسی، تمام سیاسی، مذہبی و سماجی تنظیموں کی جانب سے میڈیکل کیمپس اور مسلسل مانیٹرنگ نے شہریوں میں اعتماد بحال کیا اور عزاداروں نے بلا خوف و خطر مجالس و جلوس میں شرکت کی۔ یہ سب اداروں کی باہمی ہم آہنگی، نیک نیتی اور پیشہ ورانہ کارکردگی کا ثبوت ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اگر ادارے اِسی جذبے، تعاون اور مستعدی کے ساتھ سال بھر خدمات انجام دیں تو کوئی وجہ نہیں کہ عوام کو تمام بنیادی سہولیات بلا تعطل فراہم نہ کی جا سکیں۔ اُنہوں نے مستقبل میں بھی ایسی ہی بہترین کوآرڈینیشن اور کارکردگی کی توقع کا اِظہار کیا۔
صدر چیمبر سلیم میمن نے حیدرآباد پولیس، ضلعی انتظامیہ، رینجرز اور تمام معاون اداروں کو دلی مبارکباد اور شکریہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد ایک پُر اَمن، باہمی ہم آہنگی والا شہر ہے اور تمام طبقات کو مل کر اِس فضا کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔
سیکریٹری جنرل