حیدرآباد(رپورٹ عمران مشتاق) ڈویژنل کمشنر حیدرآباد بلال احمد میمن کی زیر صدارت 14 اگست جشن آزادی اور معرکہ حق جوش و خروش سے منانے سے متعلق ایک اجلاس آج ان کے دفتر شہباز بلڈنگ حیدرآباد میں منعقد ہوا -اس موقع پر کمشنر حیدرآباد نے کہا کہ 14 اگست ملک بھرمیں ہر سال بڑے جوش و خروش سے مناتے ہیں لیکن اس سال جشن آزادی کی خوشی کے ساتھ ساتھ معرکہ حق بھی منائیں گے -معرکہ حق ہماری افواج اور قوم کی ایک بڑی فتح ہے ،اس فتح سے دنیا بھر میں ہمارے ملک کے وقار میں اضافہ ہواہے کہ ہم امن پسند قوم ہیں لیکن جاریت مسلط ہونے کی صورت میں ہم منہ توڑ جواب دینا جانتے ہیں – انہوں نے مزید کہا کہ یکم اگست سے ہم اپنی آزادی کا دن منانے کی شروعات کریں گے جبکہ کل سے سرکاری عمارات اور گاڑیوں پرقومی پرچم لہرائیں جائیں گے اوراپنے کپڑوں کے جیبوں پرپاکستانی پرچم کے بیجزلگاکر محب وطن ہونے کا ثبوت دیں گے جبکہ 4 اگست کو ڈویژن کے اضلاع میں شہداءکے مزارات پر پھول رکھے جائیں گے اور ورثا کی رہائشگاہ جاکران سے ملاقاتیں کرکے انہیں گلدستے پیش کیے جائیں گے اورانہوں نے کہا کہ ڈویژن کا ہر ضلع اپنے اپنے علاقے کی خصوصیات کے ساتھ جشن آزادی اورمعرکہ حق جوش وخروش سے منانے کی تیاریاں کریں جیساکہ ٹھٹھہ میں تاریخی مقامات اور عمارت کو برقی قمقمے سے سجایا جائیگا – انہوں نے مزید کہا کہ ساحلی پٹی کے اضلاع کے ماہیگیروں کی کشتیوں پر قومی پرچم لگانے کی بھی حوصلہ افزائی کی جائے اور اگست کے مختلف ایام میں ٹاﺅن چیئرمین ، سیاسی شخصیات اور دیگر معززین کا تعاون حاصل کرکے بڑے پروگرامزکا انعقاد کریں بالخصوص 13 اگست کی رات کو تمام اضلاع میں یوم آزادی کے رنگا رنگ پروگرامز کا اہتمام کیا جائے اور 12 بجتے ہی آتشبازی اور دیگر ملی نغموں کے پروگرامزشروع کردیئے جائیں-ڈویژنل کمشنر حیدرآباد نے مزید کہا کہ مون سون کے موسم کے ساتھ ساتھ 14 اگست کی تقریبات کے دوران سرکاری ملازمین کی غیر حاضری اور کوتاہی کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کی جائیگی-اس موقع پر میئر حیدرآباد کاشف شورو نے اپنے خطاب میں کہا کہ حیدرآباد میںبھی جشن آزادی جوش و خروش سے منائی جائیگی، میئر سیکریٹریٹ حیدرآباد میں 13 اگست کی رات شاندار پروگرام منعقد کیاجائیگاجس میں آتشبازی اور ملی نغموں کا پروگرام بھی منعقد ہوگا جبکہ دیگر ایام میںنیاز اسٹیڈیم حیدرآبادمیں کرکٹ میچزبھی منعقد کرنے کے ساتھ ساتھ دیگر پروگرام کا بھی انعقاد کیا جائیگا- اس موقع پر اے ڈی سی ون گدا حسین سومرو نے حیدرآباد میں جشن آزادی اور معرکہ حق جوش و خروغ سے منانے کے سلسلے میںتیاریوں سے متعلق آگاہ کیا-اجلاس میں ٹاﺅن چیئرمینز ،این جی اوز کے نمایندوں ،محکمہ پولیس اور دیگر افسران بھی موجود تھے جبکہ ڈویژن کے دیگر اضلاع کے ڈپٹی کمشنرزنے بذریعہ وڈیو لنک شرکت کی .