منڈی بہاءالدین (میاں شریف زاہد) منڈی بہاوالدین میں رات بھر سے جاری طوفانی بارش کے بعد پیدا ہونے والی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کیلئے انتظامیہ کی جانب سے گرینڈ صفائی آپریشن جاری ہے،میونسپل کمیٹی کے تمام سینٹری ورکرز شہر کے مختلف علاقوں میں بارشی پانی کو نکالنے میں مصروف عمل ہیں۔چیف آفیسر میونسپل کمیٹی منڈی بہاءالدین رضوان بشیر آغا نے بتایا کہ شہر بھر کے نشیبی علاقوں ،سڑکوں اور دیگر مقامات سے سکر مشینیوں کے ذریعے بارشی پانی کو نکالا جا رہا ہے، اس کے علاوہ موٹریں لگا کر بھی بارشی پانی کے نکاس کا انتظام کیا گیا ہے،رات سے لے کر ابتک ایم سی کے تمام سینٹری ورکرز فیلڈ میں نکاسی آب کے کاموں میں مصروف ہیں تاکہ ہر وہ جگہ جہاں بارش کا پانی جمع ہے اسے فوری طور نکالا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کا کہنا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات کے مطابق نشیبی علاقوں سے بارشی پانی کو نکالنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، ایم سی کے تمام افسران اور سینٹری ورکرز بارشی پانی کے نکاس کے کاموں میں مصروف ہیں۔ طوفانی بارش کے بعد میونسپل کمیٹی کا عملہ پوری محنت اور جانفشانی سے رات گئے سے ابتک نکاسی آب میں مصروف عمل ہے تاکہ بارش کے پانی اور گندگی کی وجہ سے لوگوں کو درپیش مشکلات فوری طور پر ختم کی جاسکیں۔ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ اس وقت بھی ممکنہ مزید بارش کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ پوری طرح الرٹ ہے ۔