جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد (رپورٹ عمران مشتاق)
حیدرآباد امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر مہنگی بجلی، پٹرولیم مصنوعات و چینی کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافے اور شوگر مافیا کی حکومتی سرپرستی کے خلاف جماعت اسلامی ضلع حیدرآبادکے تحت حیدرآباد پریس کلب کے سامنے امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد حافظ طاہر مجید کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا احتجاجی مظاہرے سے نائب امیر عبدالقیوم شیخ، ضلعی جنرل سیکریٹری حنیف شیخ، جے آئی یوتھ حیدرآباد کے صدر عرفان قائمخانی نے خطاب کیا، نائب امیر عقیل احمد خان، ڈپٹی جنرل سیکریٹری عبدالباسط خان، حافظ سفیان ناصر سمیت ناظمین زونز و کارکنان بڑی تعداد میں موجود تھے۔امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد ضلع حیدرآباد حافظ طاہر مجید نے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فارم 47 سے مسلط حکومت نے عوام کا جینا محال کردیا ہے، ن لیگ اور پیپلز پارٹی کا اتحاد اور ان کی جانب سے شوگر مافیا کی مکمل سرپرستی ملک و قوم کے لیے تباہ کن ثابت ہورہی ہے۔ جماعت اسلامی پیٹرول اور چینی کی قیمتوں میں اضافہ کسی صورت قبول نہیں کرے گی،حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں گزشتہ ڈیڑھ ماہ میں 29روپے کا اضافہ کرکے عوام پر پیٹرول بم گرا دیا ہے۔ حکمرانوں کی عیاشیاں کسی صورت کم ہونے کا نام نہیں لیتیں، یہ آئی ایم ایف کے غلام اور اس کے ایجنڈے پر آنکھیں بند کرکے عمل کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شوگر مافیا کو حکومتی سرپرستی حاصل ہے 120روپے کلو فروخت ہونے والے چینی 200روپے سے زائد قیمت میں فروخت ہو رہی ہے شوگر ملز مالکان زمینداروں سے کم ریٹ پر گنا خریدتے ہیں او ر حکومتی سرپرستی میں چینی کی قمیتوں میں بے تحاشہ اضافہ کر کے غریب عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالتے ہیں،حافظ طاہر مجید نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف کے مقروض سیاستدا نوں کی اولادیں عوام کے پیسوں پر عیاشیاں کرتے ہیں لیکن غریب عوام آٹے اور چینی کے حصول کے قطاروں میں دھکے کھا رہے ہیں، حکومت اور حیسکو کی نااہلی اور ناقص کارکردگی نے بارانِ رحمت کو شہریوں کے لیے زحمت بنا دیا ہے، معمولی بارش نے حکومت اور حیسکو کے دعوؤں اور کارکردگی کی قلعی کھول دی ہے۔گھنٹوں بجلی غائب رہنے سے شہری شدید ذہنی و جسمانی اذیت سے دوچار ہیں،انہوں نے مزید کہا کہ صارفین پر لوڈشیڈنگ، اووربلنگ اور زائد یونٹس کا عذاب مسلط کیا ہوا ہے ملک میں بجلی کے بحران کے اصل ذمہ دار کرپٹ حکمرانوں ہیں یہی لوڈ شیڈنگ کے ذمہ دار ہیں، ضروری اشیاء کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ لوگوں کی زندگیوں کو مشکل بنا رہا ہے۔ حکومت کو اس مسئلے پر فوری توجہ دینی چاہیے اور ایسے اقدامات کرنے چاہئیں جن سے مہنگائی پر قابو پایا جا سکے۔شعبہ نشرو اشاعت جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد