منڈی بہاوالدین: ٹی سی ایس آفس اور گیپکو اہلکاروں کے درمیان جھگڑا، تشدد اور گالی گلوچ
منڈی بہاوالدین (نمائندہ ضوفگن) میٹر اتارنے کے تنازعے پر ٹی سی ایس آفس منڈی بہاوالدین اور گیپکو ملازمین کے درمیان شدید جھگڑا ۔ مکوں، گھونسوں اور گالی گلوچ کا آزادانہ استعمال، جبکہ دونوں جانب سے الزامات کی بوچھاڑ جاری ہے۔
ٹی سی ایس آفس کے منیجر کے مطابق، بجلی کا بل مقررہ وقت پر ادا نہیں ہوسکا تھا، تاہم انہوں نے گیپکو اہلکاروں سے درخواست کی کہ تھوڑی مہلت دی جائے تاکہ بل فوری طور پر جمع کروایا جا سکے۔ لیکن گیپکو اہلکاروں نے میٹر اتارنے پر اصرار کیا اور کہا کہ “بل جمع کروانے کے بعد دفتر آ جانا”۔ اسی بات پر تلخ کلامی ہوئی اور بات ہاتھا پائی تک جا پہنچی۔
منیجر کے مطابق، واپڈا کے 20 سے 25 اہلکار موقع پر پہنچے، دفتر کے اندر گھس آئے اور تشدد شروع کر دیا۔ انہوں نے ٹی سی ایس عملے کو گھسیٹ کر باہر سڑک پر نکالا، تشدد کا نشانہ بنایا اور گالم گلوچ کرتے رہے۔
دوسری جانب، گیپکو ذرائع کا مؤقف ہے کہ متعلقہ بل 21 جولائی 2025 تک واجب الادا تھا، اور 24 جولائی کو جب ٹیم میٹر اتارنے گئی تو ٹی سی ایس ملازمین نے مزاحمت کی، کارِ سرکار میں مداخلت کی اور بدتمیزی کے بعد ہاتھا پائی شروع کر دی۔ اس واقعے کے بعد گیپکو ٹیم نے تھانہ سول لائن میں اندراج مقدمہ کی درخواست دی، جس پر پولیس نے 5 افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔
واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں اور دونوں فریقین اپنے اپنے مؤقف پر قائم ہیں۔ شہری حلقوں کی جانب سے واقعے کی غیر جانبدارانہ انکوائری اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔