منڈی بہاءالدین،14جون 2025( میاں شریف زاہد )ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کی زیر صدارت ضلعی امن کمیٹی کا اہم اجلاس ڈی سی آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایس پی انویسٹی گیشن رضاءاللہ خان ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل وقار اکبر چیمہ، اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاءالدین ، سی او ایم سیز، ممتاز علمائے کرام ،ممبران امن کمیٹی اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کا کہنا تھا کہ ضلع منڈی بہاوالدین امن و امان کے لحاظ سے ایک مثالی ضلع ہے ، اس میں تمام مذاہب اور مسالک کے درمیان اتفاق رائے اور بھائی چارہ پایا جاتا ہے۔عید الاضحیٰ کی طرح محرم الحرام کے موقع پر بھی تمام علمائے کرام عوام الناس میں ہم آہنگی، محبت و اخوت اور برداشت کو فروغ دے کر امن و سلامتی کی فضا برقرار رکھنے میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔ان کا کہنا تھا کہ امن و امان کی فضا بر قرار رکھنے کیلئے تمام مکاتب فکر کے علماء، مشائخ اور ذاکرین ضلعی انتطامیہ سے تعاون کریں۔انہوں نے علمائے کرام پر زور دیا کہ وہ ممبر و محراب کے ذریعے لوگوں کو امن و امان کا درس دیں اور سوشل میڈیا پر پھیلنے والی کسی بھی فیک نیوز یا اشتعال انگیز مواد بارے فوری طور پر انتظامیہ کو آگاہ کریں تا کہ پولیس اور انتظامیہ آپ کی معاونت سے امن و امان کو بہتر طریقے سے قائم رکھ سکے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کی فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے گا۔جلوسوں کے روٹس پر صفاءستھرائی کا بہترین انتظام کیا جائے گا۔ اس موقع پر مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام اور انجمن تاجران کے نمائندوں نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور گزارشات پیش کیں۔ڈپٹی کمشنر نے مسائل کے حل اور تجاویز پر عمل کی یقین دہانی کروائی۔ ممبران امن کمیٹی نے امن وامان کی فضا بر قرار رکھنے میں ضلعی انتظامیہ کا بھر پور ساتھ دینے کی یقین دہانی کروائی۔اجلاس کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی کیلئے دعائے خیر بھی کرائی گئی۔ منڈی بہاءالدین 14جون 2025( میاں شریف زاہد ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کے ویژن اور محکمہ لائیو سٹاک کے زیر اہتمام پیرا ویٹرنری سٹاف میں موٹر بائکس تقسیم کے حوالے سے ڈی سی آفس میں تقریب منعقد ہوئی۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے پیرا ویٹرنری سٹاف میں موٹر بائکس کی چابیاں تقسیم کیں۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر محمد ممتاز بیگ، ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک منڈی بہاءالدین ڈاکٹر رضوان ، ڈپٹی ڈائریکٹر ملکوال ڈاکٹر وقاص احمد ،ڈپٹی ڈائریکٹر پھالیہ ڈاکٹر مسعود اور ایم پی اے اختر بوسال کے نمائندہ بھی موجود تھے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر ممتاز بیگ نے بتایا کہ پیرا ویٹس دوردراز علاقوں میں مویشی پال کسانوں کے جانوروں کی دیکھ بھال،ان کو بیماری سے بچانے کیلئے ویکسین کی بروقت فراہمی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ پیرا ویٹس کی ٹرانسپورٹیشن اور موٹر سائیکل کی ضرورت کو پورا کرنے کیلئے بغیر کسی سود کے ماہانہ آسان اقساط پر 50موٹر سائیکل تقسیم کی جا رہی ہیں۔ نئی بائکس محکمہ لائیو سٹاک کی استعداد کار میں اضافے کا سبب بنیں گی۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کا کہنا تھا کہ پیرا ویٹس محکمہ لائیوسٹاک کے اہم رکن ہیں ، جن کے مسائل حل کرنا اولین ترجیح ہے۔ موٹر بائیکس کی فراہمی مویشی پال حضرات تک پیراویٹرنری سٹاف کی خدمات کی فراہمی کو مزید موثر بنائے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئی موٹر بائکس ملنے کے بعد پیرا ویٹس اور زیادہ لگن سے مویشی پال حضرات کو خدمات فراہم کریں گے۔