
منڈی بہاءالدین،( میاں شریف زاہد )ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل وقار اکبر چیمہ نے ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں قائم بخشی خانہ منڈی بہاءالدین کا دورہ کیا۔ انہوں نے بخشی خانہ کی حالت زار ،سکیورٹی، صفائی ستھرائی سمیت دیگر انتظامات کا تفصیلی معائنہ کیا۔اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ جیل حق نواز،اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر محمد ریاض، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ حسن اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کو بخشی خانہ کے حوالے سے بریفنگ دی۔ جس پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل وقار اکبر چیمہ کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کے ویژن کے مطابق بخشی خانہ میں قیدیوں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے واش روم کی حالت زار کو بہتر بنانے، ضروری تعمیر و مرمت اور بخشی خانہ میں رنگ روغن کرنے کی ہدایت کی ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے بخشی خانہ میں جیل کے قیدیوں سے ملاقات کیلئے تمام مسائل کو فوری طور پر حل کرنے سمیت پولیس ملازمین کے بیٹھنے کیلئے بنچز فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔
