ننکانہ صاحب ( بیورورپورٹ ) ماڈل روڈ منصوبہ شہریوں کے لیے دردِ سر بن گیا، پیر احمد شاہ روڈ پر یو ٹرن بند، عوام پریشان ،شہریوں کو شدید مشکلات، قبرستان جانے والے بھی متاثرتفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پیر احمد شاہ روڈ کو ماڈل سڑک قرار دیتے ہوئے متعدد یو ٹرن بند کر دیے گئے، جس کے باعث شہریوں کو شدید سفری مشکلات کا سامنا ہے۔متاثرہ علاقوں میں خصوصاً کینیڈا کالونی، بھٹہ کالونی اور شاد باغ کالونی اور اس سے ملحقہ علاقوں کے مکین شامل ہیں، جنہیں روزانہ کی بنیاد پر ریلوے کراسنگ یا مال منڈی قبرستان کی جانب آمد و رفت کرنا پڑتی ہے۔ متبادل راستے نہ ہونے کی وجہ سے شہری شدید پریشانی میں مبتلا ہیںعوامی ضرورت کو نظر انداز کرتے ہوئے جب تمام یوٹرن بند کر دیے گئے تو شہریوں نے مجبوراً خود ہی ریلوے کراسنگ کے قریب، کینیڈا کالونی کے سامنے واقع سڑک کے درمیان لگے ڈیوائیڈر کو توڑ کر راستہ بنا لیا، تاکہ آمد و رفت جاری رکھ سکیںیہ “غیر سرکاری یوٹرن” اب پیدل چلنے والوں، موٹرسائیکل سواروں اور رکشہ ڈرائیوروں کے لیے استعمال ہو رہا ہے، تاہم سڑک کے درمیان سے سٹریٹ لائٹس کی انڈر گراونڈ تاریں گزرتی ہیں، جو کسی بھی وقت کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہیں۔اہلِ علاقہ، بالخصوص بزرگ شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ نے سہولت کے بجائے مشکلات پیدا کیں، اور جنازہ گاہ و قبرستان جانے والوں کے لیے کوئی مناسب راستہ باقی نہیں چھوڑاشہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ کینیڈا کالونی، ریلوے کراسنگ اور مال منڈی قبرستان کی طرف جانے والے پرانے یو ٹرنز کو فوری طور پر بحال کیا جائے، تاکہ آمد و رفت محفوظ بنائی جا سکے اور کسی جانی نقصان سے بچا جا سکے۔