منڈی بہاوالدین ( میاں شریف زاہد )
جمعیت علماء پاکستان امام نورانی کے صوبائی جنرل سیکرٹری و شہری ایکشن کمیٹی کے سینئر نائب صدر علامہ عبدالحکیم انقلابی کی جانب سے شہری ایکشن کمیٹی کے چیئرمین میر محمد رحیم لہڑی اور جنرل سیکرٹری و پریس کلب ڈیرہ مراد جمالی کے صدر عبدالرزاق بنگلزئی کے اعزاز میں عید ملن پارٹی کا انعقاد کیا گیا تقریب میں سیٹھ تارا چند، محمد وارث ابڑو، ہارون الرشید چکھڑا،حامد خان گولہ، تحریک لبیک پاکستان پی بی 13 کے صدر حافظ غلام یاسین رضوی صاحب
خاوند بخش مینگل ، نثار احمد نقشبندی ، مولانا عبدالہادی کھوسہ ، امداد بلبل، سید سجاد حسین شاہ، سید گل شاہ،مولانا عبدالحکیم مینگل، عبدالستار لہڑی سمیت دیگر نے شرکت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ عبدالحکیم انقلابی نے کہا کہ ڈیرہ مراد جمالی کے عوام بدترین مسائل سے دوچار ہیں لیکن حکومتی توجہ نہ ہونے کے باعث مسائل میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ شہر سمیت پورے رینج نصیرآباد و سبی قومی شاہراہ پر سب سے بڑا مسئلہ امن و امان کا ہے، چوریاں، ڈکیتیاں اور اسٹریٹ کرائمز نے عوام اور مسافروں کا جینا دوبھر کر دیا ہے، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی مایوس کن ہے، امن و امان کی فوری بحالی کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ شہر کا ٹریفک نظام مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے، ہر جگہ ٹریفک جام، تجاوزات اور غلط پارکنگ نے شہریوں کے معمولات زندگی کو متاثر کر رکھا ہے، ٹریفک پولیس کو اپنی ذمہ داریاں ایمانداری سے ادا کرنی ہوں گی علامہ عبدالحکیم انقلابی نے کہا کہ ڈیرہ مراد جمالی بائی پاس کا منصوبہ کئی سالوں سے التواء کا شکار ہے جس کی تکمیل اشد ضروری ہے تاکہ شہر کے اندر ٹریفک کا دباؤ کم کیا جا سکے انہوں نے قبرستان کے مسئلے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں قبرستان کے لیے جگہ کم پڑھ رہی ہے، حکومت فوری طور پر نئی زمین مختص کرے تاکہ عوام کواپنے پیاروں کی تدفین کے سلسلے میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے علامہ عبدالحکیم انقلابی نے کہا کہ شہر میں بجلی اور گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے عوام کو شدید ذہنی پریشانی میں مبتلا کر رکھا ہے، طویل لوڈشیڈنگ نے کاروبار زندگی مفلوج کر دیا ہے انہوں نے ہسپتالوں کی حالت زار بیان کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتالوں میں ادویات نایاب ہیں، ڈاکٹرز کی حاضری نہ ہونے کے برابر ہے، مریض دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں، حکومت فوری نوٹس لے انہوں نے سیوریج سسٹم پر بات کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں گلیوں اور محلوں میں سیوریج کا پانی جمع ہے، گٹر بند پڑے ہیں، بدبو اور بیماریوں نے شہریوں کی زندگی اجیرن کر دی ہے میونسپل کمیٹی کو سالانہ کروڑوں روپے بجٹ ملتا ہے لیکن کارکردگی صفر ہے انہوں نے کہا کہ گلی محلوں میں ٹف ٹائل کی ٹوٹ پھوٹ، سڑکوں کی خستہ حالی اور صفائی ستھرائی کا ناقص نظام میونسپل کمیٹی کی نااہلی اور کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے آخر میں شہری ایکشن کمیٹی کے چیئرمین میر محمد رحیم لہڑی نے جے یو پی امام نورانی کے صوبائی جنرل سیکرٹری علامہ عبدالحکیم انقلابی کی عوامی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ عوامی مسائل کے حل کے لیے سرگرم رہتے ہیں۔