
حیدرآباد، 29 اگست (رپورٹ عمران مشتاق) ڈویژنل کمشنر حیدرآباد فیاض حسین عباسی نے حیدرآباد ڈویژن میں یکم ستمبر سے شروع ہونے والی سات روزہ انسداد پولیو مہم کا افتتاح کردیا۔
افتتاحی تقریب تعلقہ اسپتال قاسم آباد میں منعقد ہوئی، جہاں کمشنر حیدرآباد نے پانچ سالہ بچے کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر مہم کا باقاعدہ آغاز کیا۔ یہ انسداد پولیو مہم حیدرآباد ڈویژن کے تمام اضلاع میں یکم سے سات ستمبر تک جاری رہے گی۔
تقریب کے بعد پولیو کے خلاف آگاہی پیدا کرنے کے لئے ایک واک کا انعقاد کیا گیا جس کی قیادت کمشنر حیدرآباد نے کی۔ واک میں ڈپٹی کمشنر حیدرآباد زین العابدین میمن، ڈی ایچ او ڈاکٹر پیر غلام حسین، ڈویژن پولیو ٹاسک فورس کے فوکل پرسن ڈاکٹر جمشید، دیگر ڈاکٹرز اور پولیو ورکرز نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر کمشنر فیاض حسین عباسی نے کہا کہ پولیو ورکرز ہمارے اصل ہیروز ہیں جو ہر مشکل اور کٹھن حالات میں عوام تک یہ قومی ذمہ داری نبھاتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم سب کو مل کر اپنے ملک اور ڈویژن کو پولیو فری بنانے کے لئے ایک عزم اور جذبے کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔ جب تک ایک بھی بچہ پولیو سے متاثر ہے، ہمارا مشن مکمل نہیں ہوگا۔
ڈاکٹر جمشید نے اس موقع پر بتایا کہ حیدرآباد ڈویژن میں انسداد پولیو مہم کا ہدف 17 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانا ہے اور اس مقصد کے حصول کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
کمشنر حیدرآباد نے پولیو ورکرز کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت اور لگن ہی پاکستان کے محفوظ اور صحت مند مستقبل کی ضمانت ہے۔
