ڈیرہ غازی خان (رانا فیصل سے)وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر کمشنر غازی خان ڈویژن اشفاق احمد چوہدری نے آر پی او کیپٹن ریٹائرڈ سجاد حسن خان، ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد، ڈی پی او سید علی اور دیگر افسران کے ہمراہ محرم الحرام کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے مجالس اور جلوس کے روٹس کا معائنہ کیا.امن کمیٹی کے اراکین بھی ہمراہ تھے۔امام بارگاہ رضویہ،امام بارگاہ حیدریہ اور مجالس کی دیگر جگہوں کا معائنہ کرتے ہوئے منتظمین سے ملاقاتیں کیں ۔افسران کی طرف سے سکیورٹی اور دیگر امور کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کی مثالی فضا رکھنے کے لیے سب کو فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔مجالس اور جلوس کے روٹس کی صفائی، سہولیات کی فراہمی اور دیگر معاملات کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ محرم الحرام کے دوران ضابطہ اخلاق کی مکمل پاسداری کرائی جائے۔ کسی بھی فرقہ سے متعلق نفرت انگیز اور دل آزاری کے بیانات سے گریز کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ شعلہ بیان مقررین کی ضلع بندی اور زباں بندی کی گئی ہے جن پر سختی سے عمل درامد کرایا جائے۔ سوشل میڈیا کی بھی مانیٹرنگ کی جائے گی۔