(رپورٹ ای این آئی)آذربائیجان نے پاکستان سے JF-17 تھنڈر طیارے حاصل کر لیے اسلام آباد
پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دفاعی تعاون کے اہم سنگ میل کے تحت پاکستان نے جدید JF-17 تھنڈر بلاک 3 اور JF-17B تربیتی طیارے آذربائیجان کے حوالے کر دیے ہیں۔
یہ پہلا موقع ہے کہ آذربائیجان نے پاکستان سے JF-17 طیارے حاصل کیے ہیں۔ ابتدائی طور پر تین طیارے فراہم کیے گئے ہیں، جن میں دو لڑاکا اور ایک تربیتی (دو نشستوں والا JF-17B) طیارہ شامل ہے۔
یہ طیارے ایک بڑے دفاعی معاہدے کا حصہ ہیں، جس کی مالیت 1.6 سے 4.6 ارب امریکی ڈالر کے درمیان ہے۔ معاہدے کے تحت مجموعی طور پر
40 JF-17 طیارے آذربائیجان کو فراہم کیے جائیں گے۔
JF-17 تھنڈر طیارہ پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس (PAC) اور چین کے اشتراک سے تیار کیا گیا ہے، جو جدید ٹیکنالوجی، بہترین ریڈار سسٹم، اور جدید ہتھیاروں سے لیس ہے۔ اس طیارے کی فراہمی سے آذربائیجان کی فضائی صلاحیت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔
یہ پیشرفت دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے اسٹریٹیجک تعاون کا عملی اظہار ہے، جو خطے میں دفاعی توازن اور استحکام کے لیے اہم تصور کیا جا رہا ہے۔