مونسون سسٹم – کراچی تازہ ترین اپڈیٹس
(رپورٹ سٹی اڈیٹر ڈاکٹر عبدالرحیم)
شدید ہوا کے کم دباؤ کے زیرِ اثر شہر میں دوپہر سے کبھی ہلکی تو کبھی تیز بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ اس سسٹم کے زیرِ اثر سب سے زیادہ موسلادھار بارشیں شہر کے شمالی علاقوں بشمول سرجانی ٹاؤن، گڈاپ، معمار اور بحریہ ٹاؤن میں ہورہی ہیں جہاں اب تک 150 سے 200 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے جبکہ شہر کے دیگر علاقوں میں 30 سے 60 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔
شہر میں جاری بارش کا سلسلہ رات بھر وقفے وقفے سے جاری رہے گا، بارش کی شدّت کبھی ہلکی سے درمیانی تو کبھی تیز رہیگی۔ صبح تک مونسون سسٹم مغرب کی جانب بڑھتا ہوا بلوچستان کی طرف چلا جائے گا، جس کے سبب صبح کے بعد شہرِ قائد میں بارش کی سرگرمیوں میں کمی واقع ہوگی۔ کل دوپہر یا شام تک یہ مونسون سسٹم تقریباً ختم ہوجائے گا تاہم کل رات بھی بوندا باندی یا ہلکی بارش ممکن ہے۔