
حیدرآباد 23 اگست (رپورٹ عمران مشتاق) ڈپٹی کمشنر حیدرآباد زین العابدین میمن کی زیر صدارت شہباز ہال، شہباز بلڈنگ میں جشن عید میلادا لنبی ﷺ 1500ویں سالانہ تقاریب کے انتظامات کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف مکاتبِ فکر کے علما کرام، تاجر برادری اور متعلقہ سرکاری افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں میلادالنبی ﷺ کی محافل، جلوسوں کے راستے اور سیکیورٹی پلان پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ جلوسوں کے روٹس اور مساجد کے اطراف صفائی، نکاسیٔ آب، قبرستانوں کی دیکھ بھال، اسٹریٹ لائٹس کی مرمت، کھلے مین ہولز کی بندش، فومیگیشن اور مچھر مار اسپرے سمیت تمام ضروری اقدامات بروقت مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ شہر میں پینے کے پانی، بجلی اور گیس کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے جبکہ اسپتال چوبیس گھنٹے کھلے رہیں، ادویات و ایمبولینسز دستیاب ہوں اور فائر بریگیڈ کی تعیناتی بھی کی جائے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ہماری ترجیح ہے کہ جلوسوں کے روٹس، مدارس اور جامعہ مساجد کو صاف ستھرا اور محفوظ بنایا جائے۔ پولیس اور رینجرز کے ساتھ سیکیورٹی کے بھترین انتظامات کئے جائینگے۔ بارہ ربیع الاول پر شہر کو روشنیوں سے سجایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بارش کے پانی کی نکاسی اور کچرے کے ڈھیر ختم کرنے کے لیے ٹیمیں ہمہ وقت متحرک رہیں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ بارش کے باعث سڑکوں پر کھڈے پڑ گئے ہیں جنہیں دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے پیچ ورک کے ذریعے بہتر بنانے کی کوشش کی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر زین العابدین میمن نے اعلان کیا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے 10 ربیع الاول کو ایک عظیم الشان علما کانفرنس اور میلادالنبی ﷺ کی تقریب منعقد کی جائے گی۔
