(رپورٹ ای این آئی)چارسدہ:تنگی پولیس کی کارروائی،خاتون خودکشی کیس کا ڈراپ سین،دو گرفتار، مزید تفتیش جاری
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چارسدہ محمد وقاص خان کی ہدایت پر ڈی ایس پی تنگی گلشید خان کی قیادت میں ایس ایچ او بسم اللہ جان نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کامیاب کارروائی کرتے ہوئے خاتون سمیت دو افراد کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ تنگی میں مسمی انور علی ولد گلاب نے رپورٹ درج کرائی تھی کہ اس کی بیوی اکثر بیماری اور گھریلو پریشانیوں کی وجہ سے زندگی سے دلبرداشتہ ہوکر نہر میں چھلانگ لگا کر خودکشی کرنے کی بات کرتی تھی۔مورخہ 10 اگست کو وہ گھر سے نکلی اور بعد ازاں نہر کے کنارے اس کا دوپٹہ اور چپل ملے جس پر اہل خانہ کو یقین ہوا کہ اس نے خودکشی کرلی ہے۔ تاہم لاش برآمد نہ ہوسکی۔
پولیس تفتیش کے دوران یہ انکشاف ہوا کہ مذکورہ خاتون نوید ولد خیات ساکن ٹھیکداروں کلے کے ساتھ تعلقات میں تھی۔واقعہ کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزمان نوید ولد خیات اور مسماتہ (ر) کو گرفتار کرلیا۔
ڈی ایس پی تنگی گلشید خان نے کہا کہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ مقدمہ کو میرٹ پر منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چارسدہ محمد وقاص خان نے واضح کیا ہے کہ معاشرتی اقدار کے خلاف جانے والوں کو ہرگز رعایت نہیں دی جائے گی،قانون سب کے لیے برابر ہے اور انصاف کی فراہمی ہر حال میں یقینی بنائی جائے گی۔
