حیدرآباد 26 اگست (رپورٹ عمران مشتاق) ڈپٹی کمشنر حیدرآباد زین العابدین میمن کی زیر صدارت آج کمیونٹی انگیجمنٹ سیشن منعقد ہوا، جس میں انفلوئنسرز اور سماجی رہنماؤں نے شرکت کی۔ یہ وہ افراد ہیں جو ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر پولیو کے خاتمے کی مہم میں سرگرم کردار ادا کر رہے ہیں۔تقریب میں ڈپٹی کمشنر نے شرکا کو شیلڈز اور تحائف پیش کیے۔ ڈی ایچ او حیدرآباد پیر غلام حسین اور دیگر سرکاری افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر زین العابدین میمن نے اپنے خطاب میں کہا کہ پولیو کے خلاف مہم قومی فریضہ ہے، جس میں کسی بھی غفلت کی گنجائش نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کا مقصد ایک ہی ہے کہ ہر بچے تک ویکسین پہنچے اور کوئی بھی بچہ اس مہم سے محروم نہ رہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس جدوجہد میں انفلوئنسرز اور سماجی شخصیات کا کردار نہایت اہم ہے کیونکہ وہ عوام تک پیغام زیادہ مؤثر انداز میں پہنچا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مزيد مذہبی و سماجی رہنماؤں کو بھی اس عمل میں شامل کیا جائے تاکہ عوام کے خدشات دور ہوں اور ویکسین کے حوالے سے کسی قسم کی غلط فہمی باقی نہ رہے۔ڈپٹی کمشنر نے یقین دلایا کہ ضلعی انتظامیہ ہر طرح کی معاونت فراہم کرے گی اور پولیو ٹیموں کو ہر ممکن تحفظ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کو مل کر یہ عزم کرنا ہوگا کہ پولیو کے خلاف جنگ جیتنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
