حیدرآباد 23 جون ( رپوٹ عمران مشتاق ) حکومت سندھ کی جانب سے 9 تا 14 سال کی عمر کی بچیوں کو سfروائیکل کینسر سے بچانے کے لیے 13 ستمبر 2025 سے “ہیومن پیپیلوما وائرس” (HPV) کی ویکسین مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں حیدرآباد کے ضلعی سطح پر تیاریوں کے حوالے سے ایک اہم اجلاس ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر-II حیدرآباد صبا کلوڑ کی زیر صدارت آج کمشنر آفس کے شہباز ہال میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر پیر غلام حسین، ڈویژنل پولیو ٹاسک فورس انچارج ڈاکٹر جمشید خانزادہ، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹر انچارج ڈاکٹر وقار ڈہر، WHO کی امیونائزیشن آفیسر ڈاکٹر نجمہ طارق، HPV فوکل پرسن ڈاکٹر عبداللہ نظامانی سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اے ڈی سی ٹو صبا کلوڑ نے کہا کہ محکمہ تعلیم ضلع بھر کے پرائمری، سیکنڈری اور ہاء اسکولوں میں زیر تعلیم طالبات کی تعداد فراہم کرے، جس کے بعد ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ٹیمیں تشکیل دیں گے جو ویکسینیشن مہم کو عملی جامہ پہنائیں گی۔ انہوں نے ہدایت دی کہ محکمہ تعلیم ویکسینیشن مہم سے قبل آگاہی مہم شروع کرے تاکہ والدین اور طالبات میں شعور بیدار ہو اور ویکسینیشن کی مکمل کوریج کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس کے علاوہ اسکولوں میں طالبات کو ٹارگٹ کرنے کے لیے بھی جامع پلان تیار کیا جائے گا۔ PPHI کو بھی ہدایت دی گئی کہ وہ کمیونٹی میں آگاہی پیدا کرے اور والدین کو اس ویکسین کی افادیت اور اہمیت سے آگاہ کرے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ اس مہم کا مقصد بچیوں کو سروائیکل کینسر ( رحم کے دہانے کے کینسر ) سے محفوظ بنانا ہے۔ محکمہ صحت سندھ، محکمہ تعلیم اور دیگر متعلقہ ادارے اس مہم کو کامیاب بنانے کے لیے مشترکہ طور پر کام کریں گے۔محکمہ صحت سندھ نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ محکمہ کی ٹیموں سے بھرپور تعاون کریں اور اپنی بچیوں کو اس مہلک بیماری سے بچانے کے لیے ویکسین ضرور لگوائیں۔