جامشورو21 جولائی (رپورٹ عمران مشتاق) ڈپٹی کمشنر جامشورو غضنفر علی قادری کی زیر صدارت ضلع جامشورو میں مون سون کی بارشوں سے نمٹنے کے لیے کیے گئے انتطامات کا جائزہ لینے کے لیے ایک اجلاس آج ڈی سی آفس دربار ہال جامشورو میں منعقد ہوا -اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جامشورو نے کہا کہ اس مرتبہ مزید بارشوں کے زیادہ امکانات ہیں لہذا تمام متعلقہ محکمے بارشوں کا پانی اخراج کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کریں – انہوں نے مزید کہا کہ بجلی کی غیر دستیابی کی صورت میں تمام ڈسپوزل کو فعال حالت میں رکھنے کے لیے جنریٹرز اور تیل کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے تاکہ جلد بارش کے پانی کو نکاس کرکے شہریوں کو پریشانی سے بچایاجاسکے – ڈپٹی کمشنرنے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ کچے اور نشیبی علاقوں کے مکینوں کو بالخصوص ریلیف دیکر محفوظ مقامات منتقل کیاجائے اور انہیں ہرممکن سہولیات فراہم کی جائیں جبکہ کسی بھی ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے ریسکیو 1122 اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رکھا جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹاجاسکے – ڈپٹی کمشنر جامشورو غضنفر علی قادری نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ ضلع کے تمام صحت مراکز میں ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل عملے اور ادویات کی دستیابی کو یقینی بنائیں – حیسکو کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ بجلی کی فراہمی کے لیے بروقت قدامات اٹھائیں جبکہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کم سے کم کی جائے تاکہ ڈسپورزل کے ذریعے برساتی پانی کو نیکال کیاجاسکے – انہوں نے مزید بتایا کہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز، میونسپل اور ٹاﺅن انتظامیہ فیلڈ میں موجود ہے جبکہ وہ خود برساتی پانی کی نکاسی کی نگرانی کررہے ہیں – انہوں نے بتایا کہ تمام مشینری کو فعال بنایاگیا ہے ، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے رین امیرجنسی کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے – اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون نور الدین ہنگورجو، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر پیر منظور احمد ،اے ڈی سی ڈاکٹر عدنان تنیو، اطلاعات سوشل ویلفیئر ، ایریگیشن ، تعلیم ، لوکل گورنمنٹ ، ریونیو ، محکمہ صحت سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی –