حیدرآباد: تھانہ کوہسار سوسائٹی کی حدود میں چوروں کا راج – ایک ہفتے میں دو موٹر سائیکلیں چوری، پولیس خاموش تماشائی
حیدرآباد (رپورٹ: نمائندہ خصوصی) تھانہ کوہسار سوسائٹی کی حدود میں شہری چوری کی وارداتوں سے شدید پریشان، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خاموشی سوالیہ نشان بن گئی۔ ایک ہی ہفتے کے دوران دو مختلف گھروں کے سامنے سے شہریوں کی موٹر سائیکلیں چوری ہو گئیں، لیکن پولیس نے اب تک نہ کوئی مقدمہ درج کیا، نہ کوئی کارروائی کی۔
متاثرہ شہریوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے متعلقہ تھانے میں شکایت بھی جمع کرائی، مگر پولیس اہلکاروں کا رویہ سرد مہری پر مبنی ہے۔ علاقہ مکینوں نے بتایا کہ سوسائٹی میں سی سی ٹی وی کیمروں کی عدم موجودگی اور گشت نہ ہونے کے باعث چوروں کو کھلی چھوٹ ملی ہوئی ہے۔
شہریوں نے آئی جی سندھ، ایس ایس پی حیدرآباد اور دیگر اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری نوٹس لیں اور کوہسار سوسائٹی میں بڑھتی ہوئی چوریوں پر قابو پانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔