(رپورٹ محمد حسین سومرو)ملیر پولیس کا اے ایس آئی قیصر علی کے قتل میں ملوث ملزم کو گرفتار کرنے کا دعویٰ
ملیر پولیس نے اے ایس آئی قیصر علی کے قتل میں ملوث ملزم کی گرفتاری اور اس کے ساتھیوں کے خلاف کارروائی کا دعویٰ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملیر کے تھانہ سکھن پولیس نے گرفتار ملزم حسیب ولد عطا محمد کی نشاندہی پر اس کے دوسرے ساتھی محسن میمن ولد نامعلوم کی گرفتاری کے لیے روڈ نمبر 10 پرانا کمبیلا کے قریب چھاپہ مارا۔ اس دوران ملزم کے ساتھیوں نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ فائرنگ کی زد میں آکر گرفتار ملزم حسیب شدید زخمی ہوگیا، جب کہ پولیس کی جوابی کارروائی کے دوران دیگر ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے
پولیس کے مطابق زخمی ملزم حسیب نے آج ہی دوران ڈکیتی اے ایس آئی قیصر علی کو شہید کیا تھا۔ فرار ہونے والے ملزمان جائے وقوعہ پر ایک موٹر سائیکل نمبر KOV 2338 چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ زخمی حسیب کو فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم راستے میں ہی وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے ملزمان کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، جبکہ مقدمہ تھانہ سکھن میں درج کرلیا گیا ہے