غیر قانونی پیٹرول ایجنسیوں کے خلاف سول ڈیفنس کی روزانہ کارروائیاں جاری
مزید یک مشین ضبط، تین پیٹرول شاپس سیل، ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر سخت ایکشن
سرگودہا(بیورو رپورٹ)سرگودہا ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن (ر) محمد وسیم کی خصوصی ہدایت پر سول ڈیفنس کی جانب سے شہر میں قائم غیر قانونی پیٹرول ایجنسیوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر مؤثر کارروائیاں جاری ہیں۔ سول ڈیفنس آفیسر غلام مصطفیٰ کی سربراہی میں تازہ کارروائی کے دوران چار مختلف مقامات پر چھاپے مارے گئے، جن میں ایک غیر قانونی پیٹرول مشین کو موقع پر ضبط کر لیا گیا جبکہ تین پیٹرول شاپس کو سیل کر دیا گیا۔ ضبط کی گئی مشین ڈھڈی جٹ کالونی میں فہد ولد ملک کی ملکیت تھی جب کہ کوٹ فرید روڈ پر عرفان اور فصیل کی دوکانیں اور ظفر کالونی میں محمد عرفان کی دکان کو سیل کیا گیا۔ سول ڈیفنس حکام کے مطابق یہ اقدامات انسانی جان و مال کے تحفظ کے لیے اٹھائے جا رہے ہیں ۔ضلعی انتظامیہ کسی کو بھی قانون سے کھیلنے کی اجازت نہیں دے گی۔ سول ڈیفنس آفیسر غلام مصطفیٰ نے کہا ہے کہ غیر قانونی اور غیر محفوظ طریقے سے پیٹرول فروخت کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ایسے عناصر کی نشاندہی میں انتظامیہ سے تعاون کریں تاکہ ممکنہ خطرات سے بچا جا سکے۔