(رپورٹ ای این آئی)چارسدہ پولیس کی کارکردگی اجلاس ،منشیات و ٹرانسفارمر چوروں کے خلاف سخت کارروائی کے احکامات
چارسدہ: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چارسدہ محمد وقاص خان کے زیر صدارت ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں ضلع بھر کے ایس ایچ اوز اور انچارج چوکیات نے شرکت کی۔
اجلاس میں جرائم کی مجموعی صورتحال اور حالیہ مقدمات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈی پی او چارسدہ نے ہدایت کی کہ منشیات فروشوں اور سماج دشمن عناصر کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا جائے، تاکہ معاشرے کو اس لعنت سے پاک کیا جا سکے۔
ٹرانسفارمر چوری کے واقعات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈی پی او چارسدہ نے متعلقہ ایس ایچ اوز کو ہدایت کی کہ ان وارداتوں میں ملوث عناصر کو جلد از جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
ڈی پی او چارسدہ محمد وقاص خان نے واضح کیا کہ چارسدہ پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔