سرگودہا (رپورٹ بیورو)سیف سٹی کے کیمروں سے چالانوں کا اجراء شروع!
سرگودھا میں سیف سٹی کیمروں کے ذریعے ٹریفک چالانوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، تاہم حیرت انگیز طور پر کئی چالان اُن موٹر سائیکل مالکان کے گھروں میں پہنچ رہے ہیں جنہوں نے اپنی گاڑیاں 10 سال پہلے فروخت کر دی تھیں۔
ایک شہری کے مطابق، اس کی موٹر سائیکل فروخت ہوئے ایک دہائی گزر چکی ہے، مگر اب بھی چالان اُس کے نام پر جاری ہو رہے ہیں، جبکہ موٹر سائیکل کا موجودہ صارف دبئی میں مقیم ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹریفک پولیس اور سیف سٹی اتھارٹی کو اس معاملے میں چیک اینڈ بیلنس کا مؤثر نظام بنانا چاہیے تاکہ چالان حقیقی خلاف ورزی کرنے والے کے خلاف ہوں، نہ کہ پرانے مالکان کو ہراساں کیا جائے۔
مزید یہ بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ اگر سیف سٹی کیمرے نمبر پلیٹ کی نشاندہی کر سکتے ہیں تو انہیں بغیر ہیلمٹ خلاف ورزی کرنے والے کی تصویر کے ساتھ چالان اسی شخص کے خلاف جاری کرنا چاہیے، تاکہ انصاف اور شفافیت برقرار رہے۔