(رپورٹ ای این آئی)13 اور 14 ستمبر کو سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں دو الگ الگ کارروائیوں کے دوران بھارت کی ایجنسیوں کے پراکسی فتنے الخوارج سے تعلق رکھنے والے 31 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔
لکی مروت ضلع میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائی کی۔ آپریشن کے دوران اپنے جوانوں نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 14 بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج کو جہنم واصل کر دیا گیا۔
اسی طرح بنوں ضلع میں بھی ایک اور انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا گیا، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے میں 17 مزید خوارج مارے گئے۔
علاقے کو کلیئر کرنے اور باقی ماندہ بھارتی سرپرست خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ پاک فوج اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ ملک سے بھارتی سرپرست دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کیا جائے گا۔