خواتین کو ہراساں اور تعاقب کرنے والا اوباش نوجوان زخمی حالت میں گرفتار
منڈی بہاوالدین( میاں شریف زاہد )
منڈی بہاءالدین: تھانہ سٹی پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ایک اوباش نوجوان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا جو مختلف مقامات پر خواتین کو اشارے کرتا، نازیبا حرکات کے ذریعے ہراساں کرتا اور ان کا تعاقب بھی کرتا تھا۔
ترجمان پولیس کے مطابق، ملزم کی حرکات کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر منڈی بہاءالدین وسیم ریاض خان نے فوری نوٹس لیا جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرنے کے لیے اس کا تعاقب کیا جو کہ دوران تعاقب موٹر سائیکل سے ٹکرانے سے زخمی ہو گیا۔
ڈی پی او منڈی بہاءالدین نے کہا کہ خواتین کا احترام اور تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔ خواتین کو ہراساں کرنے یا ان کا تعاقب کرنے والے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی اپنائی گئی ہے۔ ایسے افراد کو سخت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔