(رپورٹ عمران مشتاق)
شمع کمرشل ایسوسی ایشن اینڈ ٹریڈ انڈسٹری کی جانب سے ایک اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت چیئرمین حاجی جاوید خلجی نے کی۔ اجلاس میں ایسوسی ایشن کے صدر اعجاز علی راجپوت، سیکرٹری جنرل نواب الدین قریشی سمیت ایسوسی ایشن کے دیگر عہدیداران اور اراکین نے بھی شرکت کی اجلاس میں شمع کمرشل انڈسٹری ایریا کو درپیش مختلف مسائل بالخصوص بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، ٹریفک اور صفائی ستھرائی کے مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ شمع کمرشل ایریا حیدرآباد کا ایک اہم تجارتی اور صنعتی مرکز ہے، اس لیے یہاں کے مسائل کے حل کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں چیئرمین حاجی جاوید خلجی نے اپنے خطاب میں کہا کہ تاجر اور صنعتکار ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، ان کے مسائل کو نظرانداز کرنا کسی طور مناسب نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شمع کمرشل ایریا میں کاروباری سرگرمیوں کو سہل بنانے کے لیے ایسوسی ایشن اپنی جدوجہد جاری رکھے گی صدر اعجاز علی راجپوت نے اس موقع پر کہا کہ تاجر برادری اپنے مسائل کے حل کے لیے ہمیشہ متحد رہی ہے اور آئندہ بھی اتحاد و تعاون کے ذریعے بہتری کی راہیں تلاش کی جائیں گی سیکرٹری جنرل نواب الدین قریشی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کے بحران نے تاجروں اور صنعتکاروں کو شدید مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے، تاہم حیسکو کی جانب سے حالیہ دنوں میں لوڈشیڈنگ میں کمی ایک خوش آئند اقدام ہےاجلاس کے شرکاء نے بالخصوص حیدرآباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر جناب عدیل صدیقی کا شکریہ ادا کیا کہ ان کی کاوشوں کے نتیجے میں شمع کمرشل ایریا میں بجلی کی لوڈشیڈنگ میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا اجلاس کے اختتام پر طے پایا کہ ایسوسی ایشن اپنے اراکین کے مسائل کے حل کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطے میں رہے گی اور آئندہ بھی تاجر برادری کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اجلاس میں نائب صدر اشفاق سومرو، کوآرڈینیٹر رضوان احمد،جوائنٹ سیکرٹری علی رضا آرائیں،اراکین اعظم ریاض،نجم الدین چوہان،علی رضا چوہان، اعجاز قریشی,ہارون بھائی،عدنان بھائی،شاہد عمران،فاروق بھائی سمیت فیکٹری مالکان کی بڑی تعداد شریک تھی ۔