(رپورٹ عمران مشتاق)
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر حیدرآباد ڈاکٹر پیر غلام حسین کی جانب سے سول اسپتال حیدرآباد میں سروائیکل کینسر سے بچا ئوکے حوالے سے جاری ویکسینیشن مہم کے سلسلے میں ایک آگاہی سیمینارسول اسپتال حیدرآباد کے کانفرنس ہال میں منعقد کیا گیا۔سیمینار کے مہمان خصوصی ڈویژنل کمشنر حیدرآباد فیاض حسین عباسی تھے جبکہ ڈپٹی کمشنر حیدرآباد زین العابدین میمن ،لیاقت یونیورسٹی اسپتال حیدرآباد و جامشورو کے میڈیکل سپرٹینڈنٹ ڈاکٹر علی اکبر ڈاہری نے اعزازی مہمان کے طور پر شرکت کی۔سیمینار میں اے ایم ایس جنرل اسپتال ڈاکٹر محمد علی قائم خانی، فوکل پرسن ڈاکٹر محمد توفیق خان سمیت ہسپتال کے تمام افسران ،مختلف شعبہ جات کے پروفیسرز ،ڈاکٹرز ،نرسز پیرامیڈیکل اسٹاف اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ کمشنر حیدرآباد ڈویژن فیاض حسین عباسی نے سیمینار کے شرکا ء سے اپنے خطاب میں کہا کہ سندھ کے دیگر اضلا ع کی طرح حیدرآباد ضلع میں بھی 9 سے 14سال تک کی عمر کی بچیوں کو سروائیکل کینسر سے بچائو کی ویکسینیشن مہم آغاز کیا جا رہا ہے اور یہ مہم 15ستمبر سے 27ستمبر تک بلا تعطل جاری رہے گی۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت سندھ محکمہ صحت کی جانب سے معصوم بچیوں کو سروائیکل کینسر جیسے موذی مرض سے محفوظ رکھنے کے لیے سندھ بھر میں ویکسینیشن مہم کا پروگرام بنایا گیا ہے اور اس پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے ہمیں اہم اپناکردار ادا کرنا ہوگا اور اس کے ساتھ ہی یہ ہم سب کی قومی ذمہ داری بھی ہے کہ ہم اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ سیمینار سے لیاقت یونیورسٹی اسپتال حیدرآباد وجام شورو کے میڈیکل سپریٹنڈنٹ ڈاکٹر علی اکبر ڈاہری اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر حیدرآباد ڈاکٹر پیرغلام حسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ محکمہ صحت حکومت سندھ کی جانب سے سروائیکل کینسر جیسی خطرناک بیماری کے پھیلا ئوسے قبل ہی اس کی روک تھام کے سلسلے میں اس مہم کا آغاز کیا ہے اور حیدرآباد ضلعی انتظامیہ کی زیر نگرانی محکمہ صحت کا عملہ ضلع کے تمام سرکاری و نجی اسپتالوں اور اسکولوں میں 9سے 14سال عمر کی بچیوں کی ویکسینیشن کو یقینی بنائے گا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت سندھ نے اس ویکسینیشن کو باقاعدہ منظور کیا ہے اور اس کے مضر اثرات نہ ہونے کے برابر ہیں اور اس حوالے سے ہمیں لوگوں میں آگاہی دینا ہو گی ۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر حیدرآباد زین العابدین نے بھی خطاب کیا ۔