حیدرآباد 20 اکتوبر ( رپورٹ عمران مشتاق)صوبائی محتسب سندھ سہیل احمد راجپوت کی ہدایت پر مشیر صوبائی محتسب سید علی ممتاز زیدی نے آج سرکٹ ہاؤس حیدرآباد میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جس میں ریجنل ڈائریکٹر صوبائی محتسب حیدرآباد سید محمد سجاد حیدر اور مختلف سرکاری محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔کھلی کچہری میں شہریوں نے مختلف سرکاری محکموں کے خلاف شکایات پیش کیں، جنہیں مشیر صوبائی محتسب نے غور سے سنا اور متعلقہ افسران کو موقع پر ہی شکایات کے ازالے کے احکامات جاری کیے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید علی ممتاز زیدی نے کہا کہ آج حیدرآباد میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا ہے، اس کے بعد ایک کھلی کچہری سکھر اور دوسری میرپورماتھیلو میں منعقد کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی شہری کو حکومت سندھ کے کسی بھی محکمے کے خلاف شکایت ہو تو وہ بلا جھجھک صوبائی محتسب کے دفتر سے رجوع کر سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا طریقہ کار نہایت آسان ہے کسی وکیل کی ضرورت نہیں، ایک سادہ درخواست کے ذریعے شکایت درج کرائی جا سکتی ہے۔ ہم شکایت کنندہ کو مکمل عزت و احترام کے ساتھ بٹھاتے ہیں اور اسے کھل کر اپنی شکایت اور احساسات بیان کرنے کا موقع دیتے ہیں۔سید علی ممتاز زیدی نے کہا کہ کھلی کچہریوں کا مقصد عوام کو حکومت تک براہ راست رسائی دینا ہے تاکہ ان کے مسائل بغیر کسی رکاوٹ کے سنے اور حل کیے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی محتسب کے ریجنل ڈائریکٹرز ضلعی سطح پر عوامی مسائل حل کرتے ہیں۔ جیسے حیدرآباد میں ریجنل ڈائریکٹر سید محمد سجاد حیدر عوامی شکایات کا ازالہ کرتے ہیں اور ضرورت پڑنے پر معاملہ ضلعی ہیڈ کوارٹر تک لے جاتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی محتسب کے نظام میں فیصلے دنوں میں کیے جاتے ہیں، برسوں میں نہیں۔ انصاف میں تاخیر، انصاف کی نفی کے مترادف ہے اس لیے جلد فیصلے عوام کو ریلیف دیتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ آج کھلی کچہری میں واسا، تعلیم، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور بلدیاتی اداروں کے خلاف متعدد شکایات موصول ہوئیں جن پر متعلقہ افسران کو فوری طور پر کارروائی کی ہدایت کی گئی۔آخر میں انہوں نے کہا کہ کئی شکایات کا فوری حل کر دیا گیا ہے جبکہ بعض معاملات ہمارے دائرہ اختیار سے باہر ہیں، جیسے کسی کو ملازمت دلوانا وغیرہ۔ تاہم عوام کی زیادہ سے زیادہ شکایات کے ازالے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔