(رپوای این آئی)حکومت پنجاب کا افغان مہاجرین کے انخلا کا تیسرا مرحلہ مزید تیز کرنے کا فیصلہ پولیس کو صوبے بھر میں غیر قانونی مقیم افغان باشندوں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کرنے کی ہدایت، خصوصی ٹیمیں تشکیل
پنجاب حکومت نے افغان مہاجرین کے انخلا کے تیسرے مرحلے کو مزید تیز کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق صوبے بھر میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں تیزی لانے کے لیے پولیس کو واضح ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔اس ضمن میں اسپیشل ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جو افغان شہریوں کی شناخت، گرفتاری اور انخلا کے عمل کی نگرانی کریں گی۔ذرائع کے مطابق پنجاب میں اس وقت 99 ہزار غیر قانونی افغان باشندے مقیم ہیں جن میں سے ایک بڑی تعداد ایسے افراد کی ہے جن کے پاس اقامتی یا سفری دستاویزات موجود نہیں۔حکومتی احکامات کے تحت پنجاب پولیس روزانہ کی بنیاد پر کارروائیوں کی تفصیلات صوبائی محکمہ داخلہ کو فراہم کرے گی ۔محکمہ داخلہ کے مطابق ان کارروائیوں کا مقصد صرف غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کو واپس بھیجنا ہے، جبکہ قانونی دستاویزات رکھنے والے افغان باشندوں کو کسی قسم کی پریشانی نہیں دی جائے گی۔ذرائع کے مطابق حکومتِ پنجاب نے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ انخلا کے عمل کی رفتار کو تیز کریں اور رپورٹ براہِ راست وزارتِ داخلہ کو ارسال کریں۔