(رپورٹ ای این آئی)پشاور کے مضافاتی گاؤں ڈینگی کی لپیٹ میں، ہر گھر میں چار سے پانچ مریض
خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے مضافاتی علاقوں — بڈھ بیر، ماشوخیل، ماشوگگر، شیخ محمدی، سلیمان خیل، شہاب خیل، گھڑی ملی خیل، پانچ کھٹہ، مسترزئی اور شیخان — میں ڈینگی وبا تیزی سے پھیل رہی ہے۔ ہر گھر میں چار سے پانچ افراد بیمار ہیں، مگر کوئی پوچھنے والا نہیں۔
علاقہ مکینوں کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت صرف اپنی کرسی کے چکر میں ہے، عوام کی حالتِ زار پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی۔ سرکاری اسپتالوں میں سیرنج، ڈریف سیٹ اور دوائیوں کی کمی ہے۔ غریب عوام مہنگی دوائیوں اور روز بروز بڑھتے ٹیکسی کرایوں کے بوجھ سے پریشان ہیں۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ ڈینگی نے زندگی اجیرن بنادی ہے۔ بچے، خواتین اور بزرگ سب متاثر ہیں، مگر حکومتی نمائندے صرف بیانات اور وعدوں تک محدود ہیں۔
اہلِ علاقہ نے وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا اور وزیرِ صحت سے پُرزور اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر ان دیہی علاقوں پر خصوصی توجہ دیں، اسپتالوں میں بنیادی سہولیات فراہم کریں، اور عوام کو ڈینگی کے عذاب سے نجات دلائیں۔