سرگودہا (رپورٹ بیورو)ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر کوٹ مومن شہزاد چیمہ کی قیادت میں سیال موڑ تا لکسیاں ٹول پلازہ تجاوزات کے خلاف کامیاب آپریشن کیا گیا۔ آپریشن کے دوران مین سرگودہا روڈ پر واقع تین کنال کمرشل سرکاری اراضی، جو یونیکول شوگر مل کی جانب سے ناجائز طور پر قبضے میں لی گئی تھی، واگزار کرا لی گئی۔ مل انتظامیہ نے اس زمین کو اپنی حدود میں شامل کرنے کے لیے دیوار کی تعمیر کے لیے ستون لگا رکھے تھے، جنہیں موقع پر مسمار کر دیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق سیال موڑ چوک سے ٹول پلازہ تک تجاوزات مکمل طور پر ختم کر دی گئی ہیں جبکہ رات تک سیال موڑ چوک سے موٹروے انٹرچینج تک کا علاقہ بھی کلیئر کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے خاتمے کے لیے کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی اور سرکاری اراضی کی ایک انچ بھی ناجائز قبضے میں نہیں رہنے دی جائے
گی۔