پشاور(رپورٹ ای این آئی) کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر ڈاکٹر میاں سعید نے غیر قانونی جرگوں کے حوالے سے اہم نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جس میں انہوں نے واضح کیا ہے کہ جو لوگ بندوق برداروں کی فورس اور دباؤ میں آ کر جرگے کرتے ہیں، وہ سراسر غیر قانونی اور ناقابل قبول ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جرگہ ہماری ثقافت اور روایات کا حصہ ہے اور علاقے کے معززین کے جرگہ پر پابندی نہیں، لیکن ایسے جرگے بالکل برداشت نہیں کیے جائیں گے جہاں مظلوم، غریب اور بے سہارا لوگوں پر زبردستی فیصلے مسلط کیے جائیں اور ان کے حقوق کی خلاف ورزی ہو۔
سی سی پی او ڈاکٹر میاں سعید نے تمام ایس ایچ اوز کو ہدایت دی ہے کہ نجی اور غیر قانونی جرگوں کی کوئی اجازت نہیں جنہوں نے جرگہ کو ذریعہ معاش بنایا ہے اور ایسے جرگوں میں کسی غیر متعلقہ اسلحہ برداروں کی معاونت نہ دی جائے تاکہ قانون کی حکمرانی قائم رہے اور کسی بھی قسم کی زیادتی نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ مقامی پولیس متاثرین کے حقوق کے تحفظ کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گی اور غیر قانونی جرگوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
پشاور کے عوام نے سی سی پی او کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اکثر جرائم پیشہ عناصر اور غیر قانونی گروہ غیر قانونی جرگے منعقد کر کے لوگوں کے مسائل کو بڑھا چڑھا کر پیش کرتے ہیں اور ان سے ناجائز فائدہ اٹھاتے ہیں، اس نوٹیفکیشن سے امید ہے کہ پشاور میں انصاف کے تقاضے بہتر ہوں گے اور امن و امان میں بہتری آئے گی۔
شہری حلقوں نے سی سی پی او ڈاکٹر میاں سعید صاحب کی عوام دوست پالیسی کو سراہا ہے ۔