چارسدہ(رپورٹ ای این آئی)ریجنل پولیس آفیسر مردان جواد قمر نے ضلع چارسدہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر آر پی او نے تھانہ پڑانگ کی حدود میں شہید ہونے والے کانسٹیبل فصیح الدین کی رہائش گاہ جا کر شہید کے بچوں اور لواحقین سے ملاقات کی، شہید کے درجات کی بلندی اور اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔
آر پی او مردان نے کہا کہ پولیس شہداء قوم کا قابلِ فخر سرمایہ ہیں، جنہوں نے عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ پولیس فورس اپنے شہداء کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔
بعد ازاں آر پی او مردان جواد قمر نے انسپکٹر حمید خان کی رہائش گاہ کا بھی دورہ کیا اور ان کے بھائی کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے ایصالِ ثواب اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔
اس موقع پر ضلعی پولیس سربراہ چارسدہ محمد وقاص خان سمیت دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے۔