منڈی بہاءالدین،25جون 2025(میاں شریف زاہد )ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سیلم کی زیر صدارت محرم الحرام کے انتظامات کا جائزہ لینے کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل وقار اکبر چیمہ،تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، سی او ایم سیز، ہیلتھ، لوکل گورنمنٹ کے افسران سمیت دیگر انتظامی محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں محرم الحرام کے دوران جلوسوں اور مجالس کے پرامن اور منظم انعقاد کے لیے انتظامی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سکیورٹی، صفائی ستھرائی، روشنی،ٹھنڈے پانی کی فراہمی، متبادل ٹریفک پلان، سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب اور دیگر متعلقہ امور پر تفصیلی غوروخوض کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سیلم نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ باہمی تعاون اور ہم آہنگی سے محرم الحرام کے دوران بہترین انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ محرم الحرام کے ایام میں تمام محکمے فیلڈ میں موجود رہیں، شکایات کے بروقت ازالے کے لیے مو¿ثر نظام قائم رکھا جائے اور جلوسوں کے روٹس کی مانیٹرنگ مسلسل جاری رکھی جائے تاکہ شہریوں کو سہولت اور عزاداروں کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت کے مطابق محرم الحرام کے دوران انتظامات گزشہ سالوں کی نسبت مزید بہتر اور فول پروف ہونے چاہئیں۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ جلوسوں کے روٹس پر صفائی ستھرائی ،پیچ ورک، روشنی سمیت دیگر انتظامات کو فوری مکمل کیا جائے۔افسران منتظمین سے مسلسل رابطے میں رہیں۔تمام مرکزی جلوسوں کے ساتھ محکمہ صحت، پولیس اور ریسکیو 1122 کی ٹیمز موجود ہونی چاہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ لوکل گورنمنٹ ،میونسپل کمیٹیز ،فوڈ اتھارٹی سمیت دیگر متعلقہ محکمے پلان کے مطابق اپنی ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ عزاداران کی سہولت کیلئے حکومت پنجاب کی طرف سے تمام اضلاع میں یکساں طرز پر سبیلیں لگائی جائیں گی، جہاں ٹھنڈا، میٹھا ( لیموں پانی، بوتل، روح افزا) کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔منڈی بہاءالدین،25جون 2025( میاں شریف زاہد )وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی کی خصوصی ہدایت پر انچارج وفاقی محتسب ریجنل آفس سرگودھا خواجہ سیف الرحمن نے ضلع کونسل ہال منڈی بہاءالدین میں کھلی کچہری لگائی، کھلی کچہری میں وفاقی محکموں کے خلاف عوام کی شکایات کو سن کر موقع پر ہی ریلیف دلوا کر عوام کے مسائل حل کئے گئے جبکہ دیرینہ شکایات کو اگلی کھلی کچہری تک وقت دیا گیا۔زیادہ تر شکایات گیپکو ، پوسٹ آفس اور پاسپورٹ آفس کی تھیں۔ ان محکموں کے افسران نے ذاتی طور پر کھلی کچہری میں پیش ہو کر اپنی رپورٹس جمع کرائیں۔ واپڈا افسران نے اپنی رپورٹس میں عوام الناس کے میٹرز تبدیلی ، زائد بلنگ کے یونٹس ریفنڈ کے متعلق آگاہ کیا جبکہ سوئی گیس کے زائد بل آنے کی وجہ سے شکایات گذارا ن کو اقساط کروا دی گئیں۔ انچارج وفاقی محتسب ریجنل آفس سرگودھا خواجہ سیف الرحمٰن نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ سائلین کو ہر ممکن ریلیف فراہم کریں اور اس حوالے سے کسی کوتاہی کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اس موقع پر سائلین نے شکایات کے ازالہ پر انچارج وفاقی محتسب کا شکریہ اداکیا۔ اس روزمزید نئی شکایات بھی موصول ہوئیں۔جن پر کارروائی کے لئے رجسٹرڈ کرلیا گیا ہے۔