ڈیرہ غا زی خان (رانا فیصل سے)وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن اشفاق احمد چوہدری کی زیر صدارت ڈویژنل انٹیلی جنس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں آر پی او کیپٹن ریٹائرڈ سجاد حسن خان، ڈپٹی کمشنرز، ڈی پی اوز اور متعلقہ افسران شریک تھے۔ اجلاس میں محرم الحرام کے دوران امن و امان، ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد اور دیگر معاملات کا جائزہ لیا گیا۔ کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران لاؤڈ سپیکر کے غلط استعمال پر فوری کارروائی کی جائے۔ شعلہ بیان مقررین کی زباں بندی اور ضلع بندی پر مکمل عمل درآمد کرایا جائے۔ منتظمین کے ساتھ قریبی رابطہ رکھتے ہوئے مجالس اور جلوس کے اوقات، روٹس پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔کسی بھی فرقہ سے متعلق نفرت انگیز بیانات اور وال چاکنگ پر کارروائی کی جائے۔محرم الحرام کے دوران کنٹرول رومز فعال رکھے جائیں۔ حساس مجالس اور جلوسوں کی آڈیو ویڈیو ریکارڈنگ، سیف سٹی اور دیگر ذرائع سے کڑی نگرانی کی جائے۔ آر پی او کیپٹن ریٹائرڈ سجاد حسن خان نے کہا کہ محکمہ داخلہ پنجاب کی ہدایت پر مکمل عمل درامد کرایا جائے گا۔ پنجاب پولیس اور دیگر فورسز مل کر کام کریں گی۔ عوام کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔