
ڈیرہ غا زیخان (رانا فیصل سے): غازی یونیورسٹی ڈیرہ غازی خان میں وائس چانسلر کی خصوصی کاوشوں سے کنفیوشیس انسٹیٹیوٹ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس کا باقاعدہ افتتاح وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اشفاق احمد نے کیا بعد ازاں ا ورینٹیشن کلاس کا انعقاد ہوا۔ اس موقع پر رجسٹرار ڈاکٹر محمد آصف، پروفیسر ڈاکٹر ارشد منیر لغاری، پروفیسر ڈاکٹر سعد اللہ لغاری، ڈاکٹر عنصر علی، ڈاکٹر محمد علی تارڑ، ڈاکٹر وسیم عباس گل،ڈاکٹر عمران لودھی، ڈاکٹر سمیرا عمران، ڈاکٹر ارم عزیز،دیگرفیکلٹی ممبران اور طلبہ بھی موجود تھے، ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ ڈاکٹر مسرت اقبال نے حاضرین کو انسٹیٹیوٹ کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا اور بتایا کہ اس انسٹیٹیوٹ کے قیام کا بنیادی مقصد مقامی طلبہ و طالبات اور عوام کو چائنیز زبان سیکھنے کے مواقع فراہم کرنا ہے تاکہ وہ بین الاقوامی سطح پر تعلیم، روزگار اور کاروبار کے میدانوں میں اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا سکیں۔ وائس چانسلر نے اپنے خطاب میں کہا کہ دنیا کے مختلف ممالک میں ایک ہزار سے زائد کنفیوشیس انسٹیٹیوٹ قائم ہو چکے ہیں تاہم جنوبی پنجاب میں یہ پہلا انسٹیٹیوٹ ہے جو زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے کنفیوشیس انسٹیٹیوٹ سے الحاق شدہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انسٹیٹیوٹ میں اب تک 200 کے قریب طلبا و طالبات نے داخلہ لیا ہے جنہیں چائنیز زبان بولنے اور لکھنے کی تربیت دی جائے گی۔ اس موقع پر ڈاکٹر اسحاق آصف رحمانی نے چائنیز زبان میں پہلا لیکچر دیا.
