
سرگودہا (رپورٹ بیورو)
سرگودہا شہر میں منگل کی صبح سے جاری بارش کے بعد کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم اور ایم ڈی واسا عزیز اللہ کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں خصوصاً نشیبی مقامات کا دورہ کیا۔ کمشنر نے حال ہی میں قائم کی گئی واسا کی سروسز کا عملی مشاہدہ کیا اور شہریوں سے ملاقات کر کے واسا کی کارکردگی کے بارے میں فیڈ بیک حاصل کیا۔ اس موقع پر واسا کی دستیاب مشینری اور افرادی قوت مکمل طور پر فیلڈ میں متحرک نظر آئی۔ واسا کو ایس ڈبلیو ایم سی اور میونسپل کارپوریشن کے فیلڈ ورکرز کی معاونت بھی حاصل ہے۔ ایم ڈی واسا نے کمشنر کو نکاسی آب کے جاری آپریشن کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ بتایا گیا کہ شہر میں اب تک 45 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے اور واسا کے عملہ کی جانب سے بارش کے پانی کے فوری اخراج کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ کمشنر سرگودہا جہانزیب اعوان نے ہدایت کی کہ نشیبی علاقوں میں شہریوں کو ترجیحی بنیادوں پر ریلیف فراہم کیا جائے۔ سروسز میں کسی قسم کا تعطل برداشت نہیں کیا جائے گا۔ واسا اپنی بہترین کارکردگی دکھائے اور تمام ڈسپوزل اسٹیشنز سمیت دیگر مشینری کو ہر صورت فعال رکھا جائے۔
