سرگودھا (رپورٹ بیورو) کینٹونمنٹ بورڈ سرگودھا کی ریونیو برانچ میں 8افسران و اہلکاروں کے تبادلے کر دیے گئے ہیں۔ انتظامیہ کے مطابق یہ اقدام کرپشن کے خاتمے اور نظام کو شفاف بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔کینٹ ایگزیکٹو افسر نے بتایا کہ کرپٹ عناصر کو ریونیو برانچ کے کام سے ہٹا دیا گیا ہے جبکہ بڑھتی ہوئی عوامی شکایات پر یہ تبدیلی عمل میں لائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اسیسمنٹ کے کام کو بالکل الگ شعبہ بنا دیا گیا ہے تاکہ شفافیت یقینی بنائی جا سکے۔ایگزیکٹو آفیسر کا مزید کہنا تھا کہ تمام زیر التوا کیسز کو ایک ہفتے سے دس دن کے اندر حل کر دیا جائے گا، جبکہ میوٹیشن کے کیسز کو بھی جلد نمٹایا جائے گا۔ کرپشن کا خاتمہ اولین ترجیح ہے، کرپٹ عناصر کو برداشت نہیں کیا جائے گا، اس لیے تمام ملازمین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنا قبلہ درست کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ کینٹونمنٹ بورڈ سرگودھا عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں کوشاں ہے اور عوام کو ہر ممکن طور پر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ اس مقصد کے لیے کینٹ بورڈ کی تمام برانچز کو درست کرنے کے ساتھ ساتھ کرپشن کے خاتمے پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔