سرگودھا (رپورٹ بیورو)
یونیورسٹی آف سرگودھا کے کالج آف ایگریکلچر میں ای خدمت مرکز سرگودھا کے منیجر ثاقب حسن نے طلبہ، فیکلٹی اور سٹاف کے لیے ایک تفصیلی آگاہی سیشن کا انعقاد کیا۔ اس پروگرام کا مقصد حکومت پنجاب کی جانب سے شہریوں کو فراہم کی جانے والی جدید سرکاری سہولیات کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا تھا۔اپنے خطاب میں ثاقب حسن نے بتایا کہ ای خدمت مراکز پنجاب بھر میں شناختی کارڈ، ڈومیسائل، فرد ملکیت، ڈرائیونگ لائسنس، فیس کی ادائیگی سمیت 150 سے زائد سہولیات ایک ہی چھت تلے فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان مراکز کا قیام شہریوں کو دفاتر کے طویل چکروں اور رشوت جیسے مسائل سے نجات دلانے کے لیے کیا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ “ای خدمت مراکز عوامی خدمت کا جدید ماڈل ہیں جو وقت اور وسائل کی بچت کے ساتھ شفافیت کو فروغ دیتے ہیں۔ باشعور طلبہ و طالبات ان سہولیات کے مؤثر استعمال سے نہ صرف اپنے لیے بلکہ اپنے خاندان اور معاشرے کے لیے بھی آسانیاں پیدا کر سکتے ہیں۔”اس موقع پر پرنسپل کالج آف ایگریکلچر پروفیسر ڈاکٹر اعجاز رسول نورکا نے ای خدمت مرکز کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ طلبہ کو حکومتی منصوبوں اور سہولیات سے آگاہ کرنا ان کے عملی تجربے اور سماجی شعور کو بڑھانے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام فیکلٹی اور سٹاف کے لیے بھی رہنمائی کا باعث ہیں اور تعلیمی اداروں کو کمیونٹی کے ساتھ جوڑنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔سیشن میں شریک طلبہ نے ای خدمت مراکز کی سہولیات پر دلچسپی کا اظہار کیا اور سوالات کے ذریعے اپنے شکوک و شبہات دور کیے۔ فیکلٹی ممبران نے کہا کہ ایسے پروگرام حکومت اور تعلیمی اداروں کے درمیان مثبت تعلقات کو فروغ دیتے ہیں۔تقریب کے اختتام پر پروفیسر ڈاکٹر اعجاز رسول نورکا نے ای خدمت مرکز کے منیجر ثاقب حسن کو وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس کی جانب سے یادگاری شیلڈ پیش کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی اس نوعیت کے معلوماتی سیشن جاری رہیں گے تاکہ نوجوان نسل حکومتی سہولیات سے بھرپور فائدہ اٹھا سکے۔