سرگودہا (بیورو رپورٹ)سرگودہا
معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب برائے سیاسی امور ذیشان عاشق ملک نےکمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان، ریجنل پولیس آفیسر ڈاکٹر شہزاد آصف خان، ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر صہیب اشرف کے ہمراہ آج نو محرم الحرام کے مرکزی جلوس کے سیکیورٹی اور دیگر انتظامات کا موقع پر جا کر جائزہ لیا۔ معاون خصوصی ،ڈویژن اور ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ افسران خود بھی جلوس کے ہمراہ موجود رہے اور تمام متعلقہ محکموں کی جانب سے انجام دی جانے والی ذمہ داریوں کا بغور معائنہ کیا۔ معاون خصوصی نے وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر اعزداروں کے لیے لگائی گئی سبیلوں اور ریسکیو 1122 کی جانب فراہم کردہ طبی امداد کا جائزہ لیا۔ انہوں نے جلوس کے منتظمین سے ملاقات کی اور انہیں پنجاب حکومت کی طرف سے فراہم کی گئی سہولیات بارے آگاہی دی اور وقت کی پابندی پر خصوصی زور دیا ۔ اس موقع پر بریفننگ میں بتایا گیا کہ آج 9 محرم الحرام کے ضلع بھر میں کل 121 جلوس برآمد ہوئے، جن میں 14 جلوس کیٹگری اے، 16 کیٹگری بی اور 91 کیٹگری سی میں شامل ہیں۔ مرکزی جلوس بلاک نمبر 23 سے برآمد ہوا جو امام بارگاہ بلاک نمبر 7 پر اختتام پذیر ہو گا۔ اس کے علاوہ ضلع بھر میں 246 مجالس عزاداری کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے۔ جلوسوں اور مجالس کی فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے چار ہزار سے زائد پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ جلوس و مجالس کے داخلی و خارجی راستوں پر واک تھرو گیٹس نصب کیے گئے ہیں، جبکہ عزاداروں کی میٹل ڈیٹکٹرز کے ذریعے تلاشی لی جا رہی ہے۔سیکیورٹی نگرانی کیلئے مختلف مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں جبکہ پولیس موبائل کیم کے ذریعے جلوس کی لائیو مانیٹرنگ بھی جاری ہے۔ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے متبادل ٹریفک پلان بھی نافذ کیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو آمد و رفت میں کسی دشواری کا سامنا نہ ہو۔ ذیشان عاشق ملک نے کہا کہ حکومت پنجاب امن و امان برقرار رکھنے اور تمام مذہبی اجتماعات کو بلا امتیاز محفوظ ماحول فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔