حیدرآباد (مجاھد عزیز) ڈویژنل کمشنر حیدرآباد بلال احمد میمن کی زیر صدارت مون سون کے انتظامات کے حوالے سے ڈویژن کا ایک اعلیٰ سطح اجلاس آج ان کے دفتر شہبازبلڈنگ حیدرآباد میں منعقد ہوا- اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر بلال احمد میمن نے کہا کہ گزشتہ سالوں میں ہونے والی بارشوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈویژن کے تمام ڈپٹی کمشنرز، متعلقہ ادارے اور اہلکاراپنے متعلقہ اضلاع میں حساس اور نشیبی علاقوںسمیت جہاں مسائل درپیش رہے وہاں موثرطریقے سے مسائل کے سدباب کے لیے موثرحکمت عملی اور مربوط روابط انتہائی ضروری ہیں- اجلاس میں ڈویژنل کمشنر حیدرآباد نے ڈویژن میں بالخصوص گزشتہ بارشوں میں متاثر ہونے والے علاقوںپرخصوصی توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا اورمون سون کی ممکنہ بارشوں سے قبل تمام تر احتیاطی اقدامات کو مکمل کرنے کی ہدایت کی- حیدرآباد ضلع کے علاوہ ڈویژن کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرزنے بذریعہ وڈیو لنک بریفنگ دیتے ہوئے مون سون کی امکانی بارشوں سے نمٹنے ،نکاسی آب کی مشینوں کی دستیابی ،آبکالانی مشینری اور دیگرضروری سامان اور فنڈزسے متعلق کمشنر حیدرآباد کو آگاہ کیا- اجلاس میں ڈویژنل کمشنر حیدرآباد بلال احمد میمن نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ ریسکیو کے لیے مطلوبہ سامان اور مشینری کی کمی سے متعلق فوری طور پرکل تک آگاہ کیاجائے-انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ موسمیات،محکمہ آبپاشی،ریسکیواور دیگر متعلقہ اداروں کے درمیان بہتر رابطے کے لیے ایک واٹس ایپ گروپ گزشتہ سال کی طرح فعال کیا جائے تاکہ تمام تر صورتحال کے متعلق مستعدرہاجاسکے -کمشنر حیدرآباد نے اجلاس میں حیسکو افسرکوہدایت کی کہ بجلی کے نظام کو بہتر بناکر بلا تعطل فراہمی کویقینی بنایاجائے جبکہ کچھ روز قبل مون سون کی ابتدائی معمول کی برسات میں حیسکو سے متعلق بڑی شکایات موصول ہوئی جس کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے – اجلاس کوچیف میٹرولوجی ڈپارٹمنٹ امیرحیدر لغاری نے موسمیاتی تبدیلی کے متعلق آگاہ کیا اور کہا کہ کسان کے نام سے ایک ایپ بنائی گئی ہے اس کوڈاﺅن لوڈ کرکے اپنے علاقے کے موسم کے متعلق معلومات حاصل کی جاسکتی ہے -اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون گدا حسین سومرونے مون سون بارشوں کے انتظامات کے متعلق اجلاس کو آگاہ کیا- اجلاس میں چیف میٹرولوجی ڈپارٹمنٹ امیرحیدر لغاری، حیسکو ، پولیس ، واسا، آبپاشی،صحت،بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی،ریسکیواور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے-