فیصل آباد(رپورٹ ای این آئی) ایف آئی اے کی لیڈی سب انسپکٹر کے اغوا کی کوشش ناکام، مقدمہ درج کرنے کی درخواست فیصل آباد میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے منی لانڈرنگ سرکل سے وابستہ لیڈی سب انسپکٹر کو اغوا کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ واقعہ بنکنگ کورٹ نمبر 2 کے سامنے اس وقت پیش آیا جب لیڈی سب انسپکٹر فریال خان ایک مقدمے کی سماعت کے لیے عدالت میں پیش ہونے آئی تھیں۔ذرائع کے مطابق، جیسے ہی فریال خان عدالت کے احاطے میں داخل ہوئیں، تو سات مسلح ملزمان نے جن میں رضوان باری، رضوانہ، ریاست علی سمیت دیگر افراد شامل تھے، ان پر حملہ کر کے اغوا کرنے کی کوشش کی۔ درخواست کے مطابق ملزمان نے انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں۔ فریال خان ان ہی ملزمان کے خلاف جاری منی لانڈرنگ کیس کی تفتیش کر رہی ہیں اور اسی سلسلے میں عدالت میں پیش ہوئی تھیں۔ واقعے کے دوران ہیڈ کانسٹیبل اور نائب کورٹ نے فوری مداخلت کرتے ہوئے لیڈی سب انسپکٹر کی جان بچائی۔تاہم، ملزمان گاڑی میں موجود پرس، اے ٹی ایم کارڈ اور دیگر ذاتی سامان لیکر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ واقعے کے بعد فریال خان نے تھانہ سول لائن میں مقدمہ درج کروانے کے لیے باقاعدہ درخواست جمع کرادی۔