سرگودہا (رپورٹ بیورو) ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم کی ہدایت پر ریہانوال میں سیلابی پانی کے باعث سڑک پر پڑنے والے دو بڑے کٹس کو ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کی فوری کارروائی کے نتیجے میں مکمل طور پر بحال کر دیا گیا ہے۔ بحالی کے بعد سڑک پر ہر قسم کی ٹریفک رواں دواں ہے اور شہریوں کو آمدورفت میں درپیش مشکلات ختم ہو گئی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کی بروقت اور دن رات کی محنت کو سراہا جنہوں نے مشکل حالات کے باوجود متاثرہ حصوں کی مرمت اور بحالی ممکن بنائی۔
ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق بحالی کے عمل کے دوران بھاری مشینری استعمال کی گئی اور سخت محنت کے بعد ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا گیا۔ مزید کہا گیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ متاثرہ علاقوں کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں بروقت اقدامات کیے جا سکیں۔